
اسلام آباد: سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی آنکھوں کی بینائی متاثر ہونے کے معاملے پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔
درخواست بیرسٹر سلمان صفدر کے توسط سے دائر کی گئی، جس میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کی بینائی میں شدید خرابی پیدا ہو رہی ہے اور انہیں فوری طبی توجہ کی ضرورت ہے۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ اڈیالہ جیل انتظامیہ کو بشریٰ بی بی کی مکمل میڈیکل رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا جائے اور انہیں اپنے ذاتی اخراجات پر ماہر امراضِ چشم سے معائنہ اور علاج کروانے کی اجازت دی جائے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بینائی کے مسئلے کی سنگینی کے پیش نظر فوری طبی اقدامات ضروری ہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل اڈیالہ جیل میں وکیل سے ملاقات کے دوران عمران خان نے بشریٰ بی بی کی آنکھوں کی تکلیف پر تشویش کا اظہار کیا تھا اور ان کے مقدمات میں قانونی ریلیف کے حصول کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کی تھی۔









