
اسلام آباد: پاکستان اور وینزویلا نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے وینزویلا کے نو تعینات وزیر خارجہ و غیر ملکی تجارت فیلکس پلاسینسیا سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔ گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
محمد اسحاق ڈار نے اپنے وینزویلین ہم منصب کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور حالیہ زلزلوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وینزویلا کے عوام کے ساتھ پاکستان کی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر فیلکس پلاسینسیا نے پاکستان کے خیرسگالی کے جذبات پر شکریہ ادا کیا اور خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا، بالخصوص امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی میں کمی کے حوالے سے پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔
دونوں وزرائے خارجہ نے تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے، اعلیٰ سطح کے رابطوں کا سلسلہ برقرار رکھنے اور مستقبل قریب میں ملاقات کرنے پر اتفاق کیا۔








