
اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک میں مون سون بارشوں اور مغربی ہواؤں کے طاقتور سلسلے کے پیش نظر 19 سے 23 جولائی تک مختلف علاقوں میں شدید بارشوں، فلیش سیلاب، دریاؤں میں طغیانی اور نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق 20 سے 23 جولائی کے دوران گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور بالائی پنجاب میں بعض مقامات پر موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے، جس کے باعث برساتی ندی نالوں میں طغیانی اور فلیش سیلاب کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ دریائے چناب میں مرالہ اور دریائے جہلم کے منگلا کے بالائی علاقوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے۔ سیالکوٹ، نارووال، گجرات، مریدکے، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور سمیت متعدد علاقوں کے ندی نالوں اور ہل ٹورنٹس میں بھی فلیش سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ دریائے کابل اور اس کے معاون دریاؤں میں بھی پانی کی سطح بلند ہو سکتی ہے، جبکہ نوشہرہ، چترال، سوات، دیر، مالاکنڈ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور سمیت مختلف اضلاع میں شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے۔
گلگت بلتستان کے ہنزہ، نگر، گلگت، غذر، دیامر، شگر اور گانچھے کے مختلف علاقوں میں بھی فلیش سیلاب کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اسی طرح راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد اور شیخوپورہ سمیت متعدد شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 20 سے 24 جولائی کے دوران دریائے چناب، جہلم، راوی اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں سیلاب کی وارننگ جاری کی ہے۔ مرالہ کے مقام پر دریائے چناب میں نچلے سے اونچے درجے کے سیلاب کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ مختلف اضلاع کی انتظامیہ، واسا، ریسکیو 1122 اور متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، برساتی نالوں، زیر آب سڑکوں، دریا کے کناروں اور لینڈ سلائیڈ کے خطرے والے علاقوں سے دور رہیں، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔








