
واٹس ایپ نے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے اپنے نئے بیٹا ورژن میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی فوٹو ایڈیٹنگ ٹول متعارف کرا دیا ہے۔
ٹیکنالوجی سے متعلق رپورٹس کے مطابق نئے اے آئی فوٹو ایکسپینشن ٹول کی مدد سے صارفین اپنی تصاویر کو 9:16 فارمیٹ میں تبدیل کر سکیں گے، جس سے انہیں خاص طور پر واٹس ایپ اسٹیٹس کے لیے تصویر کا سائز اور تناسب درست کرنے میں سہولت ملے گی۔
یہ فیچر واٹس ایپ کے امیج ڈرائنگ ایڈیٹر میں شامل کیا گیا ہے۔ صارف تصویر کھولنے کے بعد فلٹرز کے حصے میں جا کر اس ٹول تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔
اے آئی تصویر کا تجزیہ کرکے اس کے اطراف موجود حصے کو اسی تصویر کے مطابق توسیع دینے کی کوشش کرے گا، تاکہ تصویر مطلوبہ 9:16 تناسب میں آ سکے۔ اگر صارف کو حاصل ہونے والا نتیجہ پسند نہ آئے تو وہ دوبارہ ٹول استعمال کر سکتا ہے۔
ابتدائی طور پر یہ سہولت واٹس ایپ اسٹیٹس کے لیے دستیاب کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ بعد میں چیٹس میں بھی اسے شامل کیا جا سکتا ہے۔
چونکہ فیچر فی الحال بیٹا مرحلے میں ہے، اس لیے عام صارفین کے لیے اس کی حتمی دستیابی کی تاریخ ابھی واضح نہیں ہے۔









