
نیویارک: وزیراعظم شہباز شریف نے نیویارک میں کویت کے ولی عہد شیخ صباح خالد الحمد الصباح سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور کویت کے باہمی تعلقات، مختلف شعبوں میں تعاون اور مشترکہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستانہ اور برادرانہ روابط کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے سرمایہ کاری، توانائی اور انسانی وسائل کی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی گفتگو کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کینیا کے صدر ولیم روٹو سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور کینیا کے تعلقات کا جائزہ لیا اور دوطرفہ روابط کو مزید آگے بڑھانیکے عزم کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے کینیا کے سرمایہ کاروں کو پاکستان کے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت بھی دی۔
دریں اثنا وزیراعظم کی آسٹریا کے وفاقی چانسلر کرسچن اسٹاکر سے بھی ملاقات ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک میں موجود ہیں۔ وہ 25 ستمبر کو جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے، جس میں علاقائی اور عالمی سلامتی کی صورتحال سمیت پاکستان کے مؤقف کو اجاگر کیا جائے گا۔









