بھارت اور انڈونیشیا کے درمیان دفاعی تعاون میں پیش رفت، میزائل معاہدوں پر دستخط

0
15
بھارت اور انڈونیشیا کے درمیان دفاعی تعاون میں پیش رفت، میزائل معاہدوں پر دستخط

بھارت اور انڈونیشیا نے دفاعی تعاون کو مزید وسعت دیتے ہوئے میزائل نظام سے متعلق اہم معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔ یہ پیش رفت بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی کے انڈونیشیا کے سرکاری دورے کے دوران دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد سامنے آئی۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق بھارتی کمپنی براہموس ایرو اسپیس اور انڈونیشیا کی وزارتِ دفاع نے براہموس کروز میزائل نظام کے حوالے سے ایک معاہدہ کیا ہے، تاہم اس کی مالی یا تکنیکی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
رپورٹس کے مطابق بھارت انڈونیشیا کو براہموس کروز میزائل سسٹم کے ساتھ فضاء سے فضاء میں مار کرنے والے ایسٹرا میزائل بھی فراہم کرے گا۔ اس سے قبل 2023 میں براہموس ایرو اسپیس نے انڈونیشیا کے ساتھ ممکنہ دفاعی معاہدے پر مذاکرات کی تصدیق کی تھی، جبکہ فلپائن اور ویتنام کے ساتھ بھی ایسے معاہدے کیے جا چکے ہیں۔
دفاعی شعبے میں ایک اور پیش رفت کے تحت انڈونیشیا کی دفاعی کمپنی ریپبلک کورپ اور بھارت کی بھارت ڈائنامکس لمیٹڈ نے فضائی دفاعی میزائلوں سے متعلق تعاون پر بھی اتفاق کیا ہے۔
دونوں ممالک نے دفاع کے علاوہ اہم معدنیات، اسٹیل اور زرعی شعبوں میں سپلائی چین کو مضبوط بنانے کے لیے متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے۔ اس کے علاوہ اسٹیل اتھارٹی آف انڈیا اور کراکاٹاؤ اسٹیل نے انڈونیشیا میں اسٹین لیس اسٹیل سلیب کی مشترکہ پیداوار کے لیے جوائنٹ وینچر قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انڈونیشیا کے صدر پربووو سوبیانتو نے دونوں ممالک کے تعلقات کو خطے کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اقتصادی اور دفاعی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی نے بھی بحرِ ہند میں بحری سلامتی اور دوطرفہ شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
اگرچہ دونوں رہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیانات میں براہموس معاہدے کا براہِ راست ذکر نہیں کیا، تاہم صدارتی اعلامیے میں دفاعی تعاون کے ان معاہدوں کی تصدیق کی گئی ہے۔

Leave a reply