موٹروے ایم ون سمیت اہم شاہراہوں پر ٹریفک پابندیاں، موٹروے پولیس کی ایڈوائزری جاری

0
26
موٹروے ایم ون سمیت اہم شاہراہوں پر ٹریفک پابندیاں، موٹروے پولیس کی ایڈوائزری جاری

اسلام آباد: ممکنہ سکیورٹی اقدامات کے باعث موٹروے پولیس نے موٹروے ایم ون سمیت متعدد اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی آمدورفت محدود کرنے کا اعلان کیا ہے۔

موٹروے پولیس کے مطابق بدھ کی رات 11 بجے سے موٹروے ایم ون پر اسلام آباد سے چھچھ انٹرچینج تک ہر قسم کی ٹریفک کی آمدورفت معطل رہے گی، جبکہ ایم 14 پر ہکلہ سے کنڈل کے درمیان بھی ٹریفک بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق موٹروے ایم 2 پر لاہور سے بڑی اور کارگو گاڑیوں کے داخلے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ اسلام آباد جانے والی بھاری گاڑیوں کو متبادل طور پر جی ٹی روڈ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

موٹروے پولیس کے مطابق ایم 2 اور ایم 3 پر موجود ٹریفک کو کالا شاہ کاکو کے مقام سے جی ٹی روڈ کی جانب منتقل کیا جائے گا۔

دوسری جانب جی ٹی روڈ این-5 پر اٹک خورد کے مقام پر بھی بدھ کی شام سے ٹریفک معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

موٹروے پولیس نے شہریوں اور ڈرائیورز کو ہدایت کی ہے کہ سفر کے دوران متبادل راستوں کا انتخاب کریں اور ٹریفک کی تازہ صورتحال کے حوالے سے پولیس کی جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔

Leave a reply