
مچھلی کا تیل دنیا بھر میں استعمال ہونے والے عام غذائی سپلیمنٹس میں شامل ہے، جس میں اومیگا تھری فیٹی ایسڈز وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں۔ یہ اجزاء انسانی صحت، خصوصاً دماغی افعال کے لیے نہایت اہم سمجھے جاتے ہیں۔
حالیہ تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ مچھلی کے تیل کا باقاعدہ استعمال ڈپریشن اور انزائٹی جیسے ذہنی مسائل سے بچاؤ میں مدد دے سکتا ہے۔
ایک سائنسی جریدے میں شائع تحقیق کے مطابق جن افراد کے جسم میں اومیگا تھری فیٹی ایسڈز کی سطح زیادہ ہوتی ہے، ان میں ذہنی امراض کا خطرہ کم پایا گیا۔ اس تحقیق میں لاکھوں افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا، جن میں کچھ کے خون کے نمونے لیے گئے جبکہ دیگر افراد مچھلی کے تیل کے کیپسولز استعمال کر رہے تھے۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ اومیگا تھری کی زیادہ مقدار رکھنے والے افراد میں ڈپریشن کا خطرہ 15 سے 33 فیصد تک اور انزائٹی کا خطرہ 19 سے 22 فیصد تک کم ہو سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس کی ممکنہ وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ مچھلی کا تیل خون کی روانی بہتر بناتا ہے اور دماغ میں ایسے کیمیائی مادوں کو متحرک کرتا ہے جو مزاج پر اثر انداز ہوتے ہیں۔
تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ دنیا کی بڑی آبادی مناسب مقدار میں اومیگا تھری حاصل نہیں کر پاتی، جو مجموعی صحت کے لیے ایک اہم جزو ہے۔
واضح رہے کہ ڈپریشن ایک عام مگر سنجیدہ مسئلہ بن چکا ہے، جو ہر عمر کے افراد کو متاثر کر رہا ہے اور اس کے اثرات ذہنی کے ساتھ جسمانی صحت پر بھی مرتب ہوتے ہیں۔








