
راولپنڈی: پاکستان اور برطانیہ نے دفاعی شعبے میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے اور عسکری تعلقات مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق برطانیہ کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سر چارلس رونالڈ ونسنٹ واکر نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
برطانوی عسکری سربراہ کی آمد پر پاک فوج کے دستے نے انہیں فوجی اعزاز کے ساتھ گارڈ آف آنر پیش کیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات، خطے کی سکیورٹی صورتحال اور دفاعی تعاون کو وسعت دینے سے متعلق امور پر گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور برطانیہ کے دیرینہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور عسکری سطح پر رابطوں کو مزید فعال بنانے پر اتفاق کیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے برطانیہ کے ساتھ دفاعی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ دوسری جانب برطانوی چیف آف جنرل اسٹاف نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور آپریشنل تیاریوں کی تعریف کی اور علاقائی امن کے لیے اس کے کردار کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ ملاقات پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دفاعی شعبے میں تعاون بڑھانے اور دوطرفہ عسکری تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔









