ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان کیلئے 50 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری

0
25
ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان کیلئے 50 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری

ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے وفاقی سول پنشن نظام میں اصلاحات کیلیے 50 کروڑ ڈالر قرض فراہم کرنیکی منظوری دیدی ہے۔

بینک کے مطابق اس مالی معاونت کا مقصد پنشن کے بڑھتے ہوئے اخراجات سے پیدا ہونے والے مالی دباؤ کو کم کرنا اور موجودہ نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔

اے ڈی بی کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق گزشتہ چند برسوں کے دوران وفاقی حکومت کے پنشن اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ سال 2016 کے مقابلے میں یہ اخراجات تقریباً پانچ گنا بڑھ چکے ہیں اور سالانہ ایک کھرب روپے سے تجاوز کر گئے ہیں۔

ماضی میں پنشن کا نظام غیر فنڈڈ بنیادوں پر چل رہا تھا، جس کے باعث تمام اخراجات براہ راست قومی بجٹ سے پورے کیے جاتے تھے۔ اس صورتحال نے سرکاری مالی وسائل پر اضافی بوجھ ڈال رکھا تھا۔

نئے پنشن نظام کے تحت جولائی 2024 کے بعد بھرتی ہونے والے وفاقی سرکاری ملازمین کو شامل کیا گیا ہے۔ اصلاحاتی منصوبے میں پنشن کے انتظامی ڈھانچے کو بہتر بنانے، شفافیت بڑھانے اور ڈیجیٹل نظام متعارف کرانے پر توجہ دی جائے گی۔

بینک کے مطابق ان اقدامات سے حکومتی اخراجات کو بہتر انداز میں منظم کرنے میں مدد ملے گی، جبکہ ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کے شعبوں کے لیے بھی مزید مالی وسائل دستیاب ہو سکیں گے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر کے مطابق پاکستان نے پنشن نظام کو پائیدار اور مؤثر بنانے کے لیے اہم اصلاحاتی اقدامات کیے ہیں۔

Leave a reply