مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ اور مدارس سی ڈی اے کے نشانے پر، 15 دن کی مہلت دے دی گئی

0
30
مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ اور مدارس سی ڈی اے کے نشانے پر، 15 دن کی مہلت دے دی گئی

اسلام آباد: کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد میں مبینہ تعمیراتی خلاف ورزیوں پر جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ اور ان سے منسلک بعض مدارس کی انتظامیہ کو نوٹس جاری کردیے ہیں۔

سی ڈی اے کی جانب سے جاری نوٹس میں مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر عمارت کے مقررہ سیٹ بیکس میں مبینہ غیرقانونی تعمیرات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ اتھارٹی کی اراضی پر گارڈ پوسٹس اور جنریٹر نصب کرنے پر بھی اعتراض اٹھایا گیا ہے۔

نوٹس کے مطابق رہائش گاہ کی انتظامیہ کو 15 روز کے اندر مبینہ خلاف ورزیاں دور کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مقررہ مدت میں عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں عمارت سیل کرنے اور غیرقانونی تعمیرات گرانے سمیت قانونی کارروائی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔

دوسری جانب سی ڈی اے نے بلال ٹاؤن، کورنگ نالہ اور کھنہ ڈاک میں واقع مدرسہ اختر العلوم کو بھی نوٹس جاری کیا ہے۔ اتھارٹی کے مطابق مدرسے میں منظور شدہ بلڈنگ پلان کے بغیر تعمیرات کی گئی ہیں، جس پر انتظامیہ سے 15 روز کے اندر تعمیراتی نقشے جمع کرانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

اسی طرح سیکٹر ایف ایٹ تھری، اسٹریٹ نمبر 6 کے مکان نمبر 3 میں قائم ادارہ معارف اسلامیہ، شریعہ ربانیہ اور تفی القرآن میں بھی مبینہ تعمیراتی بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔

سی ڈی اے کے مطابق مذکورہ عمارت میں مقررہ سیٹ بیکس کی خلاف ورزی کے علاوہ چھت پر بھی غیرمجاز تعمیرات موجود ہیں۔ رہائشی عمارت کو مدرسے کے طور پر استعمال کرنے پر بھی اعتراض کیا گیا ہے۔

متعلقہ انتظامیہ کو 15 روز کے اندر نشاندہی کردہ خلاف ورزیاں ختم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ بصورت دیگر عمارت سیل کرنے، جرمانہ عائد کرنے اور الاٹمنٹ منسوخ کرنے جیسے اقدامات کیے جاسکتے ہیں۔

سی ڈی اے کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں بلڈنگ کنٹرول قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے مختلف عمارتوں کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائیاں جاری ہیں۔

Leave a reply