
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان کی سرحد عبور کرنے کی کسی بھی کوشش کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
پشاور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ افغان حکومت کی جانب سے کیا جانے والا حملہ قابلِ مذمت ہے اور سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرنے والوں کو جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے سیاسی معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 13 برس کے دوران اقتدار میں رہنے والوں سے بھی ان کی کارکردگی کا حساب لیا جانا چاہیے، جبکہ موجودہ حکومت سے صرف 13 دن کی کارکردگی پر سوالات کیے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت پشاور میں دیر کالونی اسکول حادثے کی تحقیقاتی رپورٹ کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق اسکول کی تعمیر میں غیر معیاری مواد کے استعمال پر اسکول کے مالک کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے۔ رپورٹ میں متعلقہ سرکاری محکموں کی غفلت اور کوتاہیوں کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔









