ملتان: کام چھوڑنے پر 15 سالہ یتیم لڑکے کو گاڑی تلے کچلنے کا الزام، ملزم گرفتار

0
51
ملتان: کام چھوڑنے پر 15 سالہ یتیم لڑکے کو گاڑی تلے کچلنے کا الزام، ملزم گرفتار

ملتان: پنجاب کے شہر ملتان کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں 15 سالہ یتیم لڑکے وسیم عباس کی گاڑی تلے کچل کر ہلاکت کے واقعے میں پولیس نے مرکزی ملزم توقیر نذیر کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیجز میں لڑکے کو جان بچانے کے لیے بھاگتے اور گاڑی کو اس کا تعاقب کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں مقتول پر چوری یا کسی دوسرے ناخوشگوار واقعے کا ثبوت نہیں ملا۔

سی پی او ملتان اختر فاروق کے مطابق وسیم ایک یتیم خانے میں مقیم تھا اور اسے الیکٹریشن کا کام سیکھنے کے لیے ملزم کے پاس بھیجا گیا تھا۔

یتیم خانے کے جنرل سیکریٹری شعیب حیدر نے بتایا کہ وسیم گزشتہ پانچ سال سے ادارے میں رہ رہا تھا۔ ان کے مطابق ملزم نے دعویٰ کیا کہ لڑکے کے بھاگنے کے دوران گاڑی بے قابو ہوگئی تھی، تاہم سی سی ٹی وی مناظر اس بیان سے مختلف تاثر دیتے ہیں۔

مقتول کے چچا جعفر حسین نے ملزم کے خلاف سخت قانونی کارروائی اور انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔

پولیس نے ملزم کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔ وسیم کی نماز جنازہ آبائی علاقے موضع دولت پور میں ادا کی گئی، جس کے بعد اسے سپرد خاک کردیا گیا۔

Leave a reply