ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ، گرفتار ملزم کی والدہ کا اہم دعویٰ

0
21
ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ، گرفتار ملزم کی والدہ کا اہم دعویٰ

ممبئی: بالی وڈ اداکار ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کے مقدمے میں گرفتار نوجوان ریحان کی والدہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے بیٹے کو دو لاکھ بھارتی روپے کی ملازمت کا لالچ دے کر مبینہ طور پر اس واقعے میں ملوث کیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، ریحان کا تعلق ہریانہ کے شہر سونی پت سے ہے۔ اس کی والدہ کا کہنا ہے کہ غربت کے باعث ان کے بیٹے نے تعلیم چھوڑ دی تھی اور وہ گھر کے اخراجات میں مدد کے لیے ویلڈنگ کا کام سیکھ رہا تھا۔

والدہ کے مطابق، بہار سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے ریحان کو ملازمت دلانے کی پیشکش کی اور اچھی آمدنی کا وعدہ کیا۔ ان کا دعویٰ ہے کہ ریحان اسی پیشکش پر گھر سے نکلا، تاہم اہل خانہ کو اس کی منزل کا علم نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ اگر ان کا بیٹا جرم میں ملوث ثابت ہوتا ہے تو اسے قانون کے مطابق سزا ملنی چاہیے، لیکن مبینہ طور پر اسے استعمال کرنے والے افراد کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔

رپورٹس کے مطابق، ریحان سمیت تین نوجوانوں کو راجستھان کے شہر کوٹا سے گرفتار کیا گیا۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ممبئی کے علاقے جوہو میں ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کی۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

فائرنگ کے بعد ممبئی پولیس نے ٹائیگر شروف کی سیکیورٹی بڑھا دی ہے، جبکہ سلمان خان کی رہائش گاہ کے باہر بھی حفاظتی انتظامات سخت کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

Leave a reply