
قومی آل راؤنڈر محمد نواز کے ڈوپ ٹیسٹ کے معاملے پر تحقیقات جاری ہیں، جبکہ کھلاڑی نے ابتدائی نتائج کو چیلنج کرتے ہوئے دوبارہ جانچ کے لیے سیمپل بی جمع کرا دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کو یہ معاملہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے رپورٹ کیا گیا، جس کے بعد بورڈ نے باضابطہ تحقیقات کا آغاز کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ ٹیسٹ ٹی20 ورلڈ کپ کے دوران لیا گیا تھا اور سیمپل اے کے نتائج مثبت آئے تھے۔
محمد نواز نے ان نتائج کو مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ انہوں نے کسی ممنوعہ دوا کا استعمال نہیں کیا۔ اسی لیے انہوں نے اپنے حق میں وضاحت کے لیے سیمپل بی کی دوبارہ جانچ کروائی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیمپل بی کی رپورٹ 30 اپریل تک متوقع ہے، جو اس کیس میں اہم پیش رفت ثابت ہو سکتی ہے۔ ساتھ ہی یہ امکان بھی زیر غور ہے کہ ابتدائی رپورٹ میں کسی قسم کی غلطی ہوئی ہو۔
ادھر یہ اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں کہ اس معاملے کے باعث محمد نواز کا انگلش کاؤنٹی کلب کے ساتھ معاہدہ ختم ہو گیا ہے۔
حکام کے مطابق حتمی رپورٹ آنے کے بعد قواعد و ضوابط کے مطابق آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔









