
تہران: پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی ایران کے دارالحکومت تہران پہنچ گئے، جہاں ان کی ایرانی حکام کے ساتھ دوطرفہ اور علاقائی معاملات پر اہم بات چیت متوقع ہے۔
تہران ایئرپورٹ پر ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے محسن نقوی کا استقبال کیا۔ ذرائع کے مطابق ملاقاتوں کے دوران پاکستان اور ایران کے باہمی تعاون، سرحدی امور اور خطے کی موجودہ صورتحال سمیت مختلف معاملات زیرِ بحث آ سکتے ہیں۔
محسن نقوی کا یہ دورہ ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی کے گزشتہ ماہ دورۂ اسلام آباد کے تقریباً ایک ماہ بعد ہو رہا ہے۔ اس دورے کے دوران دونوں ممالک کے وزرائے داخلہ نے دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا تھا۔
پاکستان حالیہ عرصے میں ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی رابطوں میں بھی متحرک رہا ہے۔ پاکستان نے قطر کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کے درمیان تنازع کے خاتمے اور مفاہمت کی کوششوں میں کردار ادا کیا تھا۔
ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے تناظر میں آبنائے ہرمز کی صورتحال بھی خطے کے لیے اہم معاملہ بنی ہوئی ہے۔ تہران کا مؤقف ہے کہ مفاہمتی انتظام کی خلاف ورزیوں اور ان کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کے ازالے تک آبنائے ہرمز کو دوبارہ نہیں کھولا جائے گا۔
محسن نقوی کا دورۂ ایران ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان علاقائی کشیدگی کم کرنے، ہمسایہ ممالک کے ساتھ روابط بہتر بنانے اور سفارتی سطح پر تعاون بڑھانے کے لیے سرگرم ہے۔









