
گوگل نے اپنے سرچ انجن کے ہوم پیج کے ڈیزائن میں ایک نئی تبدیلی کی آزمائش شروع کر دی ہے، جس میں روایتی سرچ بٹن کی جگہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے متعلق مختلف سہولیات کو نمایاں کیا گیا ہے۔
ٹیکنالوجی رپورٹس کے مطابق گوگل کی جانب سے یہ نیا ڈیزائن فی الحال محدود تعداد میں صارفین کے لیے آزمایا جا رہا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ تبدیلی ایسے صارفین کو بھی نظر آئی جو گوگل اکاؤنٹ میں سائن اِن کیے بغیر سرچ ہوم پیج پر پہنچے۔
نئے ڈیزائن میں روایتی Google Search بٹن کے بجائے تین نئے آپشنز دکھائی دے رہے ہیں، جن میں Create Images، Ask About Files اور Brainstorm شامل ہیں۔
Create Images کے ذریعے صارفین اے آئی کی مدد سے تصاویر تیار کر سکیں گے، جبکہ Ask About Files کے آپشن سے فائل اپ لوڈ کرکے اس کے مواد سے متعلق سوالات کیے جا سکیں گے۔
اسی طرح Brainstorm فیچر کسی موضوع پر خیالات پیدا کرنے اور اے آئی کے ساتھ گفتگو کے ذریعے مختلف پہلوؤں پر غور کرنے میں مدد دے گا۔
گوگل سرچ کے نائب صدر روبی اسٹین نے بھی سوشل میڈیا پر اس تجربے کی تصدیق کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ نئے اے آئی شارٹ کٹس کی آزمائش سے گوگل کی بنیادی سرچ سہولت متاثر نہیں ہوگی۔
تاہم کمپنی نے ابھی یہ واضح نہیں کیا کہ نیا ہوم پیج ڈیزائن تمام صارفین کے لیے کب دستیاب کیا جائے گا۔ اگر تجربہ کامیاب رہا تو مستقبل میں گوگل کے سرچ ہوم پیج پر اے آئی فیچرز کی موجودگی مزید نمایاں ہونے کا امکان ہے۔









