اٹلی نے اسرائیل کے ساتھ دفاعی معاہدے کی خودکار تجدید معطل کر دی

0
9
اٹلی نے اسرائیل کے ساتھ دفاعی معاہدے کی خودکار تجدید معطل کر دی

اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی نے کہا ہے کہ حکومت نے اسرائیل کے ساتھ دفاعی تعاون کے معاہدے کی خودکار توسیع کو عارضی طور پر روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ معاہدہ فوجی سازوسامان کے تبادلے اور دفاعی تحقیق و ٹیکنالوجی سے متعلق تھا۔
اطالوی خبر رساں ادارے کے مطابق وزیراعظم نے یہ بات ویرونا میں ایک تقریب کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ عالمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ قدم اٹھایا گیا ہے، تاہم اس بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
جارجیا میلونی نے کہا کہ حکومت خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن مذاکرات کو آگے بڑھانے کی حمایت کرتی ہے۔ انہوں نے عالمی سطح پر تناؤ میں کمی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
انہوں نے آبنائے ہرمز کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس راستے کا کھلا رہنا توانائی اور زرعی مصنوعات، خصوصاً ایندھن اور کھاد کی ترسیل کے لیے نہایت ضروری ہے۔
توانائی پالیسی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے روسی گیس پر پابندیوں کا ذکر کیا اور کہا کہ ماسکو پر اقتصادی دباؤ برقرار رکھنا اب بھی ایک مؤثر حکمت عملی ہے۔ ان کے مطابق ماضی میں یہ دباؤ امن کی کوششوں میں مددگار ثابت ہوا ہے اور امید ہے کہ آئندہ برسوں میں اس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔
انہوں نے امریکی سیاست سے متعلق بعض بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مذہبی رہنماؤں کے بارے میں سیاسی نوعیت کی ہدایات قابل قبول نہیں ہوتیں۔ ساتھ ہی انہوں نے پوپ لیو سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
امریکا کے ساتھ تعلقات پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ واشنگٹن اٹلی کا ایک اہم اسٹریٹجک اتحادی ہے، تاہم اتحاد کے باوجود اختلاف رائے کا اظہار بھی ضروری ہے تاکہ باہمی تعلقات متوازن رہیں۔

Leave a reply