
خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کے سرائے نورنگ بازار میں ایک افسوسناک دھماکے میں کم از کم نو افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
پولیس اور مقامی ذرائع کے مطابق نامعلوم دہشت گردوں نے ایک موٹر سائیکل میں بارودی مواد نصب کر رکھا تھا، جسے بازار کے درمیان دھماکے سے اڑا دیا گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں دو ٹریفک پولیس اہلکاروں سمیت متعدد شہری موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے، جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر سرائے نورنگ اسپتال منتقل کیا گیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لکی مروت کے مطابق واقعے میں مجموعی طور پر نو افراد جاں بحق اور 18 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں دو پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دھماکہ موٹر سائیکل میں نصب دیسی ساختہ بارودی مواد (IED) کے ذریعے کیا گیا۔
واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے جبکہ ممکنہ دہشت گردوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور امدادی کارروائیوں میں کوئی کمی نہ آنے دی جائے۔









