جنید خان نے پروڈکشن فیصلہ کو جذباتی غلطی قرار دے دیا

0
9
جنید خان نے پروڈکشن فیصلہ کو جذباتی غلطی قرار دے دیا

بولی وڈ اداکار جنید خان نے اپنی حالیہ فلم ’ایک دن‘ کی ناکامی پر کھل کر بات کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ اس پروجیکٹ میں ان سے ایک غلط فیصلہ ہوا۔
وکی لالوانی کے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے جنید خان نے کہا کہ فلم کے حوالے سے ٹیم کو کافی امیدیں تھیں، تاہم نتائج توقعات کے مطابق نہ رہے۔ ان کے مطابق ایسا انڈسٹری میں کبھی کبھار ہوتا ہے اور ہر منصوبہ کامیابی حاصل نہیں کرتا۔
انہوں نے بتایا کہ انہیں ذاتی طور پر یہ فلم پسند تھی اور اس پر کام کرنا ان کے لیے خوشگوار تجربہ رہا، تاہم ناظرین کی بڑی تعداد اس سے متاثر نہیں ہو سکی۔
اپنے والد اور معروف اداکار و پروڈیوسر عامر خان کے بارے میں بات کرتے ہوئے جنید نے کہا کہ وہ اپنی فلموں سے جذباتی وابستگی رکھتے ہیں اور ناکامیوں کو قبول کرنے میں انہیں وقت لگتا ہے، لیکن وہ جلد ہی نئے کام کی طرف واپس آ جاتے ہیں۔
جنید خان نے یہ بھی انکشاف کیا کہ وہ آئندہ اپنے والد کو اپنے فلمی پروجیکٹس میں بطور پروڈیوسر شامل کرنے سے گریز کریں گے۔ ان کے مطابق ’ایک دن‘ کے معاملے میں انہوں نے والد کی رائے کو ترجیح دی، جس کے بعد فلم ان کی پروڈکشن میں چلی گئی، اور یہ فیصلہ جذباتی بنیاد پر تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کے والد ایک بہترین پروڈیوسر ہیں، لیکن ان کے ساتھ کام کرنے کا مطلب طویل پروڈکشن سائیکل ہے، جبکہ اپنے کیریئر کے آغاز میں انہیں تیزی سے کام اور مسلسل مواقع کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ جنید خان کے فلمی کیریئر کو ابھی تک ملا جلا ردعمل ملا ہے۔ ان کی ابتدائی فلموں کو بھی زیادہ پذیرائی نہیں ملی، جبکہ ’ایک دن‘ بھی باکس آفس پر خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ کر سکی۔
یہ فلم 2016 کی تھائی رومانوی فلم ’ون ڈے‘ کا ری میک ہے اور ایک نوجوان کی اپنے دفتر کی ساتھی کے ساتھ محبت اور ایک دن ساتھ گزارنے کی خواہش کی کہانی پر مبنی ہے۔ رپورٹس کے مطابق فلم نے ریلیز کے ابتدائی 11 دنوں میں دنیا بھر میں تقریباً 5.4 کروڑ روپے کا بزنس کیا۔

Leave a reply