
بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان نے اپنے مشہور بنگلے ’منت‘ اور گھریلو زندگی کے حوالے سے دلچسپ گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ گھر کے معاملات میں ان کی اہلیہ گوری خان کی مرضی کو ترجیح حاصل ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دبئی میں ایک تقریب کے دوران فلم ساز کرن جوہر نے شاہ رخ خان سے سوال کیا کہ انہیں اپنے گھر میں کون سے کام کرنے کی اجازت نہیں۔ اس پر اداکار نے مزاحیہ انداز میں جواب دیا کہ انہیں اپنے گھر میں کچھ بھی کرنے کی اجازت نہیں۔
شاہ رخ خان نے بتایا کہ گھر کے انٹیریئر، دیواروں کے رنگ، پینٹنگز، روشنیوں، فرنیچر اور دیگر سجاوٹی امور کے فیصلے گوری خان کرتی ہیں۔ یہاں تک کہ وائی فائی اور بستر پر کھانا کھانے جیسے معاملات میں بھی ان کی اپنی مرضی نہیں چلتی۔
اداکار نے گوری خان کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ گھر میں صرف رہتے ہیں، اس کے خوبصورت ماحول سے لطف اندوز ہوتے ہیں اور گوری کی محنت کی تعریف کرتے ہیں۔
گفتگو کے دوران شاہ رخ خان نے اپنے گھر سے جڑی جذباتی یادیں بھی بیان کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ والدین کو کم عمری میں کھونے کے بعد زندگی میں کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور شادی سے قبل ان کے پاس اپنا کوئی گھر نہیں تھا۔
شاہ رخ خان کے مطابق اپنا گھر ہونا ان کے دیرینہ خوابوں میں شامل تھا، جو بالآخر ممبئی میں بنگلہ ’منت‘ کی صورت میں پورا ہوا۔ یہی وجہ ہے کہ یہ گھر ان کے لیے صرف رہائش نہیں بلکہ زندگی کی ایک بڑی کامیابی اور جذباتی وابستگی کی علامت بھی ہے۔
واضح رہے کہ ممبئی میں واقع ’منت‘ بالی ووڈ کے معروف ترین گھروں میں شمار ہوتا ہے اور شاہ رخ خان کے مداح اکثر اس کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے بنگلے کے باہر جمع ہوتے ہیں۔









