لاہور: شیرنی کے حملے میں 19 سالہ نوجوان جاں بحق، فارم ہاؤس مالک اور ٹک ٹاکر گرفتار

0
8
لاہور: شیرنی کے حملے میں 19 سالہ نوجوان جاں بحق، فارم ہاؤس مالک اور ٹک ٹاکر گرفتار

لاہور: صوبائی دارالحکومت کے علاقے کاہنہ میں ایک فارم ہاؤس پر شیرنی کے حملے کے نتیجے میں 19 سالہ نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا۔ پولیس نے واقعے کے بعد فارم ہاؤس کے مالک اور وہاں ویڈیو بنانے کے لیے آنے والے ٹک ٹاکر کو حراست میں لے لیا ہے۔

پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب ٹک ٹاکر نعمان ویڈیو ریکارڈنگ کے لیے فارم ہاؤس پہنچا۔ اسی دوران وہاں موجود شیرنی نے اچانک حملہ کردیا، جس کی زد میں آکر فارم ہاؤس میں کام کرنے والا نوجوان طلحہ شدید زخمی ہوگیا۔

زخمی نوجوان کو فوری طور پر نجی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔

ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ واقعے کی اصل نوعیت چھپانے کی کوشش کی گئی اور مبینہ طور پر شیرنی کے حملے کو کتے کے حملے کا واقعہ ظاہر کیا گیا۔ پولیس کی تحقیقات کے بعد حقیقت سامنے آنے پر معاملے کی مزید تفتیش شروع کردی گئی۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے فارم ہاؤس کے مالک فیاض عرف فیضی اور ٹک ٹاکر نعمان کو گرفتار کرلیا، جبکہ حملہ کرنے والی شیرنی کو محکمہ وائلڈ لائف کی تحویل میں دے دیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق نوجوان کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کردیا گیا ہے اور واقعے کا مقدمہ درج کرنے کی کارروائی جاری ہے۔

تحقیقاتی حکام اس بات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ فارم ہاؤس میں شیرنی رکھنے کے لیے قانونی اجازت حاصل تھی یا نہیں۔ اس کے علاوہ جانور کی نگرانی، حفاظتی انتظامات اور ممکنہ غفلت کے پہلوؤں کی بھی چھان بین کی جا رہی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کے بعد غفلت یا قانون شکنی کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

Leave a reply