لاہور: راستہ مانگنے پر تین افراد پر مبینہ تشدد، مقدمہ درج

0
31
لاہور: راستہ مانگنے پر تین افراد پر مبینہ تشدد، مقدمہ درج

لاہور کے علاقے ڈیفنس بی میں مبینہ طور پر ایک لگژری گاڑی میں سوار چند افراد کی جانب سے تین شہریوں پر تشدد کیے جانے کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

پولیس کے مطابق متاثرہ شہری کی درخواست پر درج مقدمے میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ایک گاڑی سڑک پر ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بنی ہوئی تھی۔ راستہ حاصل کرنے کے لیے ہارن اور لائٹ سگنل دینے پر گاڑی میں سوار افراد اور متاثرین کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔

درخواست میں الزام لگایا گیا ہے کہ اس دوران گاڑی میں موجود افراد نے مبینہ طور پر ڈنڈوں اور دیگر اشیا کے ذریعے تین افراد کو تشدد کا نشانہ بنایا، جن میں ایک حساس ادارے کا افسر بھی شامل بتایا جاتا ہے۔

مقدمے کے مطابق متاثرین کو دھمکیاں دینے اور کچھ وقت کے لیے روک کر رکھنے کے الزامات بھی شامل کیے گئے ہیں۔ واقعے کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے، جسمیں جھگڑے کے مناظر دکھائی دیتے ہیں۔

پولیس نے مختلف قانونی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد قانون کے مطابق مزید اقدامات کیے جائیں گے۔

Leave a reply