
برازیل کے اسٹار فارورڈ نیمار جونیئر کی انٹرنیشنل فٹبال میں بڑی واپسی ہو گئی ہے۔ انجری اور فٹنس کے مسائل سے نبرد آزما رہنے کے بعد، 34 سالہ کھلاڑی کو آئندہ ماہ شیڈول فیفا ورلڈ کپ کے لیے برازیلین اسکواڈ کا حصہ بنا لیا گیا ہے۔
برازیل کے ہیڈ کوچ کارلو اینسیلوٹی نے پیر کے روز پریس کانفرنس کے دوران اسکواڈ کا اعلان کیا، جس کے بعد نیمار کے ورلڈ کپ کھیلنے کے حوالے سے جاری قیاس آرائیاں ختم ہو گئی ہیں۔
### فٹنس اور تجربے کو ترجیح
برازیل کی تاریخ کے سب سے زیادہ (79) انٹرنیشنل گول کرنے والے نیمار طویل عرصے سے انجریز کا شکار رہنے کے باعث ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کے بیشتر میچز نہیں کھیل سکے تھے۔ 66 سالہ اطالوی کوچ کارلو اینسیلوٹی، جنہوں نے گزشتہ سال برازیل کی ٹیم کی باگ ڈور سنبھالی تھی، نے واضح کیا کہ نیمار کا انتخاب کسی جذباتی فیصلے کے تحت نہیں بلکہ خالصتاً فٹنس اور فارم کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کارلو اینسیلوٹی کا کہنا تھا:
> “ہم نے پورے سال نیمار کی کارکردگی اور فٹنس کا باریک بینی سے جائزہ لیا ہے۔ حالیہ میچز میں ان کا تسلسل اور جسمانی حالت کافی بہتر نظر آئی ہے۔ اسکواڈ میں ان کا کردار بھی دیگر کھلاڑیوں کی طرح ہی ہوگا، تاہم بعض اہم پوزیشنز پر ہم نے ان کے وسیع تجربے کو ترجیح دی ہے۔”
>
### نیمار کا عزم اور واپسی کا سفر
نیمار نے اکتوبر 2023 کے بعد سے برازیل کی نمائندگی نہیں کی تھی۔ سعودی کلب الہلال میں انجری کے طویل دورانیے کے بعد وہ گزشتہ سال اپنے بچپن کے کلب ‘سانٹوس ایف سی’ میں واپس آئے، جہاں انہیں فٹنس اور فارم کی بحالی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ٹیم میں شمولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے نیمار کا کہنا تھا:
> “میں مطمئن ہوں کہ میں نے اپنی فٹنس ثابت کرنیکے لیے ہر ممکن کوشش کی ہے۔ جسمانی طور پر اب میں خود کوبہتر محسوس کر رہا ہوں اور ہر گزرتے میچ کیساتھ کھیل میں نکھار آ رہا ہے۔”
>
### برازیل کا ورلڈ کپ شیڈول
پانچ مرتبہ کی عالمی چیمپئن برازیل کی ٹیم چھٹا ٹائٹل جیتنے کے ہدف کے ساتھ میدان میں اترے گی۔
* **پہلا میچ:** 13 جون بمقابلہ مراکش (نیو جرسی، امریکہ)
* **گروپ:** گروپ ‘سی’ (دیگر ٹیمیں: ہیٹی اور اسکاٹ لینڈ)









