ایران کا انتباہ: نئی جارحیت پر فیصلہ کن جواب دیا جائے گا

0
13
ایران کا انتباہ: نئی جارحیت پر فیصلہ کن جواب دیا جائے گا

ایران کی اعلیٰ فوجی قیادت نے امریکا اور اس کے اتحادیوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی نئی جارحیت یا غلط اقدام کی صورت میں ایران سخت اور فیصلہ کن ردعمل دے گا۔
ایران کے خاتم الانبیا سینٹرل ہیڈکوارٹر کے کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہی نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران کی مسلح افواج پہلے سے زیادہ مضبوط، منظم اور ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی کی گئی تو اس کا جواب بھرپور اور وسیع پیمانے پر دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور اسرائیلی افواج ماضی میں کئی مرتبہ ایران کی صلاحیتوں کا امتحان لے چکی ہیں، تاہم ایران نے ہر بار اپنی دفاعی طاقت اور عسکری تیاریوں کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔
میجر جنرل علی عبداللہی نے مزید کہا کہ ایران خطے میں امن اور استحکام چاہتا ہے، لیکن اگر کسی دشمن نے دوبارہ غلطی کی تو ایران پوری قوت کے ساتھ جواب دے گا۔
دوسری جانب ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق تہران پولیس نے دارالحکومت کے مغربی اور شمالی علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے دو ایسے افراد کو گرفتار کیا ہے جن پر صحافیوں کے روپ میں جاسوسی کرنے کا الزام ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گرفتار افراد حساس فوجی اور انٹیلی جنس مراکز سے متعلق معلومات اکٹھی کرکے ایران مخالف نیٹ ورکس کو منتقل کر رہے تھے۔ تحقیقات کے دوران یہ بھی معلوم ہوا کہ مبینہ ملزمان بیرون ملک رابطوں کے لیے سیٹلائٹ انٹرنیٹ استعمال کر رہے تھے، جبکہ کارروائی کے دوران اسٹارلنک کا ایک ریسیور بھی قبضے میں لیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے ممکنہ ساتھیوں اور معاون نیٹ ورکس کی شناخت کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ادھر تسنیم کی ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایرانی پولیس نے دماوند کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے تین غیر قانونی اسٹارلنک ڈیوائسز ضبط کرلیں۔ رپورٹ کے مطابق کارروائی کے دوران اہلکاروں کو 13 ہزار ڈالر رشوت کی پیشکش کی گئی، تاہم پولیس نے رشوت لینے سے انکار کردیا۔

Leave a reply