فیس بک اور انسٹاگرام پر کریک ڈاؤن، لاکھوں اکاؤنٹس اچانک معطل

0
17
فیس بک اور انسٹاگرام پر کریک ڈاؤن، لاکھوں اکاؤنٹس اچانک معطل

میٹا نے آسٹریلیا میں 16 سال سے کم عمر صارفین سے منسلک 7 لاکھ 56 ہزار سے زائد فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹس معطل کر دیے ہیں۔ کمپنی کے مطابق یہ اقدام آسٹریلیا کے نئے قانون کی پابندی میں کیا گیا ہے، جس کے تحت کم عمر بچوں کے لیے سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی عائد ہے۔
میٹا کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال دسمبر سے رواں سال جون کے درمیان تقریباً 4 لاکھ 62 ہزار انسٹاگرام اور 2 لاکھ 94 ہزار فیس بک اکاؤنٹس بند کیے گئے۔
کمپنی کم عمر صارفین کی شناخت کے لیے مصنوعی ذہانت سمیت مختلف ٹیکنالوجیز استعمال کر رہی ہے۔ اس عمل میں صارف کے پروفائل، پوسٹس اور آن لائن سرگرمیوں کا جائزہ لے کر عمر کا اندازہ لگایا جاتا ہے۔
آسٹریلوی حکومت نے بچوں کی جسمانی اور ذہنی صحت پر سوشل میڈیا کے ممکنہ اثرات کے پیش نظر یہ قانون متعارف کرایا تھا۔ تاہم رپورٹس کے مطابق پابندی کے نفاذ کے ابتدائی مہینوں میں بھی بڑی تعداد میں 16 سال سے کم عمر بچے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز تک رسائی حاصل کرتے رہے۔
آسٹریلوی انٹرنیٹ ریگولیٹر ان کمپنیوں کے خلاف مزید کارروائی پر بھی غور کر رہا ہے جن پر پابندی پر مؤثر عمل درآمد نہ کرنے کے الزامات ہیں۔ حکومت نے خلاف ورزی کرنے والی کمپنیوں کے لیے ممکنہ جرمانے کی حد بڑھا کر تقریباً 9 کروڑ 90 لاکھ آسٹریلوی ڈالر کرنے کی تجویز بھی دی ہے۔
اس معاملے پر میٹا، ٹک ٹاک، گوگل اور اسنیپ چیٹ سمیت بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے نمائندے آسٹریلوی پارلیمانی کمیٹی کے سامنے اپنا مؤقف پیش کریں گے۔
میٹا کا کہنا ہے کہ وہ بچوں کے لیے محفوظ اور عمر کے مطابق آن لائن ماحول کے حکومتی مقصد کی حمایت کرتی ہے اور آسٹریلوی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہی ہے۔

Leave a reply