شدید تھکن کے باوجود رات کو نیند کیوں نہیں آتی؟ ماہرین نے اہم وجوہات بتا دیں

0
41
شدید تھکن کے باوجود رات کو نیند کیوں نہیں آتی؟ ماہرین نے اہم وجوہات بتا دیں

دن بھر مصروف رہنے اور جسمانی تھکن کے باوجود بعض افراد کو رات کے وقت نیند نہیں آتی۔ بستر پر جانے کے بعد طویل وقت تک جاگتے رہنا اور بار بار کروٹیں بدلنا ایک عام مسئلہ ہے، جس کی وجوہات میں ذہنی دباؤ، بے ترتیب معمولات، کیفین کا استعمال اور بعض طبی مسائل شامل ہوسکتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق انسانی جسم میں ایک قدرتی نظام موجود ہوتا ہے جسے سرکیڈیئن ردھم کہا جاتا ہے۔ یہ جسم کی اندرونی گھڑی ہے جو تقریباً 24 گھنٹوں کے دوران سونے اور جاگنے کے اوقات کو منظم کرتی ہے۔ روشنی اور اندھیرے کے اثرات سے چلنے والا یہ نظام جسمانی درجہ حرارت، ہارمونز اور میٹابولزم سمیت مختلف افعال پر اثر انداز ہوتا ہے۔

اس نظام میں میلاٹونن نامی ہارمون اہم کردار ادا کرتا ہے، جو جسم کو نیند کے لیے تیار کرنے میں مدد دیتا ہے۔ تاہم ذہنی پریشانی، غیر معمولی معمولات اور دیگر عوامل اس قدرتی عمل میں خلل ڈال سکتے ہیں۔

نیند متاثر ہونے کی اہم وجوہات

1۔ سونے جاگنے کے اوقات میں تبدیلی

روزانہ ایک مخصوص وقت پر سونے کی عادت رکھنے والے افراد اگر اچانک اپنے معمولات تبدیل کردیں تو انہیں نیند آنے میں دشواری ہوسکتی ہے۔ شفٹوں میں کام کرنے والے افراد بھی اس مسئلے سے زیادہ متاثر ہوسکتے ہیں، کیونکہ ان کے سونے اور جاگنے کے اوقات مستقل نہیں رہتے۔

2۔ ذہنی دباؤ اور مسلسل سوچیں

ذہنی تناؤ، پریشانی اور دن بھر کے مسائل رات کو نیند میں رکاوٹ بن سکتے ہیں۔ ایسی صورت میں جسم تھکا ہوا ہوتا ہے لیکن دماغ مسلسل سوچوں میں مصروف رہتا ہے۔ سونے سے پہلے پرسکون ماحول اختیار کرنا، ہلکی ورزش اور آرام دہ سرگرمیاں ذہنی دباؤ کم کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہیں۔

3۔ موبائل فون اور اسکرین کا زیادہ استعمال

سونے سے پہلے اسمارٹ فون، ٹی وی اور دیگر ڈیجیٹل آلات کا استعمال بھی نیند کے معمول کو متاثر کرسکتا ہے۔ ان اسکرینز سے خارج ہونے والی نیلی روشنی جسم کی اندرونی گھڑی اور نیند کے قدرتی اشاروں میں مداخلت کرسکتی ہے۔ اس لیے ماہرین سونے سے پہلے اسکرین کا استعمال محدود رکھنے کا مشورہ دیتے ہیں۔

4۔ رات کے وقت چائے یا کافی کا استعمال

چائے، کافی اور دیگر کیفین والے مشروبات نیند آنے کے عمل میں تاخیر پیدا کرسکتے ہیں۔ کیفین کا اثر کئی گھنٹوں تک برقرار رہ سکتا ہے، جس سے نیند کا دورانیہ اور معیار متاثر ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔ بہتر نیند کے لیے سونے سے کم از کم چار سے چھ گھنٹے پہلے کیفین کے استعمال سے گریز کرنا مفید ہوسکتا ہے۔

5۔ ذہنی اور جسمانی صحت کے مسائل

اضطراب، ڈپریشن، نیند سے متعلق بعض بیماریاں اور دیگر طبی پیچیدگیاں بھی بے خوابی کا سبب بن سکتی ہیں۔ اسی طرح کھانے پینے کی عادات اور سونے سے پہلے بھاری غذا کا استعمال بھی بعض افراد کی نیند متاثر کرسکتا ہے۔

بہتر نیند کے لیے کیا کریں؟

ماہرین کا مشورہ ہے کہ روزانہ سونے اور جاگنے کا وقت مقرر رکھا جائے، رات کے وقت کیفین سے پرہیز کیا جائے، سونے سے پہلے موبائل فون کا استعمال کم کیا جائے اور پرسکون ماحول میں آرام کرنے کی عادت اپنائی جائے۔

اگر مناسب احتیاط کے باوجود نیند نہ آنے کا مسئلہ مسلسل برقرار رہے یا اس سے روزمرہ زندگی، کام اور صحت متاثر ہونے لگے تو مستند ڈاکٹر سے مشورہ کرنا ضروری ہے۔ مسلسل بے خوابی کو نظر انداز کرنے کے بجائے اس کی اصل وجہ معلوم کرنا بہتر نیند اور بہتر صحت کی جانب اہم قدم ہے۔

Leave a reply