گوگل میٹ پر فل ایچ ڈی ویڈیو کالز کی سہولت مفت، اب پیڈ سبسکرپشن کی ضرورت نہیں

0
21
گوگل میٹ پر فل ایچ ڈی ویڈیو کالز کی سہولت مفت، اب پیڈ سبسکرپشن کی ضرورت نہیں

گوگل نے اپنے ویڈیو کانفرنسنگ پلیٹ فارم گوگل میٹ کے ویب ورژن پر 1080p (فل ایچ ڈی) ویڈیو کالز کی سہولت تمام صارفین کے لیے مفت کردی ہے، جس کے بعد اس فیچر سے فائدہ اٹھانے کے لیے کسی معاوضہ ادا کرنے والے سبسکرپشن کی ضرورت نہیں ہوگی۔

کمپنی کے مطابق اس نئی سہولت کے تحت مفت اکاؤنٹ استعمال کرنے والے صارفین بھی اب بہتر ویڈیو کوالٹی کے ساتھ آن لائن ملاقاتیں اور ویڈیو کالز کرسکیں گے۔

اس سے قبل 1080p ویڈیو اسٹریمنگ کا آپشن صرف گوگل ورک اسپیس کے بامعاوضہ صارفین اور گوگل ون کے 2 ٹی بی اسٹوریج پلان رکھنے والے صارفین کو دستیاب تھا۔

اس فیچر سے فائدہ اٹھانے کے لیے صارف کے کمپیوٹر یا کیمرے میں 1080p ویڈیو کی سپورٹ ہونا ضروری ہے۔ گوگل نے یہ سہولت ڈیفالٹ طور پر فعال رکھی ہے، اس لیے صارفین کو اسے الگ سے آن کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ تاہم، اگر کوئی صارف کم ریزولوشن میں ویڈیو کال کرنا چاہے تو گوگل میٹ کی ویڈیو سیٹنگز میں جاکر اسے بند کرسکتا ہے۔

گوگل کے مطابق ویڈیو کال کے دوران اگر کسی شریک کی ویڈیو ونڈو چھوٹی ہوجائے تو سسٹم انٹرنیٹ اور اسکرین کی صورتحال کے مطابق ویڈیو ریزولوشن خودکار طور پر کم کرسکتا ہے۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ 9 ٹو 5 گوگل کی رپورٹ کے مطابق یہ اپ ڈیٹ فی الحال گوگل میٹ کے ویب ورژن تک محدود ہے، جبکہ اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ایپس کے صارفین کے لیے 1080p ویڈیو کی سہولت متعارف نہیں کرائی گئی۔

اس کا مطلب ہے کہ موبائل ایپس پر مفت اکاؤنٹ استعمال کرنے والے صارفین کو فی الحال 720p ویڈیو کوالٹی پر ہی اکتفا کرنا پڑسکتا ہے۔

واضح رہے کہ گوگل نے مفت صارفین کے لیے 1080p ویڈیو اسٹریمنگ کی سہولت 11 نومبر سے مرحلہ وار متعارف کرانا شروع کی تھی، جس کا مقصد ویڈیو کانفرنسنگ کے تجربے کو مزید بہتر بنانا ہے۔

Leave a reply