فریال گوہر کے الزامات، جمال شاہ کا ایسا ردعمل کہ نئی بحث چھڑ گئی

0
20
فریال گوہر کے الزامات، جمال شاہ کا ایسا ردعمل کہ نئی بحث چھڑ گئی

پاکستانی اداکارہ فریال گوہر کی جانب سے اپنی سابقہ ازدواجی زندگی کے حوالے سے کیے گئے حالیہ انکشافات کے بعد اداکار جمال شاہ نے بھی اپنا مؤقف سامنے رکھ دیا ہے۔
جمال شاہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ انہوں نے ماضی میں کبھی کسی انٹرویو کے دوران فریال گوہر کے بارے میں نامناسب گفتگو نہیں کی اور مستقبل میں بھی ایسا کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔
فریال گوہر نے حالیہ گفتگو میں اپنی شادی شدہ زندگی کے دوران پیش آنے والے مشکل حالات اور مبینہ گھریلو تشدد کا ذکر کیا تھا۔ ان کے ان بیانات کے بعد سوشل میڈیا پر اس معاملے نے خاصی توجہ حاصل کی۔
جمال شاہ کے مطابق ان کی اور فریال گوہر کی شادی تقریباً پانچ برس جاری رہی، جس کے بعد دونوں نے باہمی طور پر ایک مہذب انداز میں علیحدگی اختیار کی۔ انہوں نے کہا کہ طلاق کے معاملے کو طویل عرصے تک میڈیا سے دور رکھا گیا۔
انہوں نے اپنے بیان میں سابق اہلیہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج بھی ان کے لیے دعا کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ وہ اپنے خاندان کے ساتھ خوش رہیں۔
جمال شاہ نے اداکارہ ندا یاسر کے پروگرام میں فریال گوہر کے ساتھ اپنی شرکت کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ انہیں ابتدا میں علم نہیں تھا کہ فریال بھی پروگرام میں شریک ہوں گی۔ بعد ازاں صورتِ حال سے آگاہ ہونے کے باوجود انہوں نے پروگرام سے دستبردار ہونا مناسب نہیں سمجھا۔
ان کے مطابق وہ پروگرام کے دوران خاصے محتاط رہے۔ جمال شاہ نے یہ بھی بتایا کہ بعد میں ایک ٹی وی چینل نے ان کی اور فریال گوہر کی زندگی سے متعلق ڈراما بنانے کے لیے ان سے اجازت طلب کی، تاہم انہوں نے اس حوالے سے اسکرپٹ دیکھنے کے بعد فیصلہ کرنے کی بات کی تھی۔
جمال شاہ کا کہنا ہے کہ اب انہوں نے اس منصوبے میں شامل ہونے سے صاف انکار کر دیا ہے۔ ان کے مطابق ماضی میں بھی وہ ایسے کئی اسکرپٹس مسترد کر چکے ہیں جنہیں وہ نامناسب سمجھتے تھے۔
اپنی موجودہ زندگی کا ذکر کرتے ہوئے اداکار نے بتایا کہ وہ اپنی اہلیہ اور تین بچوں کے ساتھ سادہ زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے اپنی اہلیہ کو ایک سمجھدار، باصلاحیت اور متوازن شخصیت قرار دیا۔
جمال شاہ نے فریال گوہر سے متعلق اپنے مؤقف کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ لوگ حالیہ میڈیا بیانات کے بارے میں اپنی رائے قائم کرنے میں آزاد ہیں، تاہم وہ خود اپنی سابق اہلیہ کے بارے میں کبھی توہین آمیز یا غلط زبان استعمال نہیں کریں گے۔
جمال شاہ کے بیان کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں۔ بعض افراد نے ان کے محتاط اور باوقار انداز کو سراہا، جبکہ کچھ صارفین نے فریال گوہر کے بیان میں سامنے آنے والے الزامات کے حوالے سے جمال شاہ سے مزید وضاحت کا مطالبہ کیا ہے۔

Leave a reply