حکومت کا بڑا فیصلہ، جمعہ کی اضافی تعطیل واپس

0
20
حکومت کا بڑا فیصلہ، جمعہ کی اضافی تعطیل واپس

اسلام آباد: حکومتِ پاکستان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان کرتے ہوئے متعدد کفایت شعاری اقدامات واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ سرکاری اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 74 روپے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔
نئی قیمتوں کے تحت پیٹرول 299 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 311 روپے فی لیٹر مقرر کیا گیا ہے۔ حکومتی حکام کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی اور مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے خاتمے کے باعث یہ ریلیف ممکن ہوا ہے۔
حکومت کے مطابق عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں آنے والی کمی کا فائدہ براہِ راست عوام تک منتقل کیا جا رہا ہے۔ اسی سلسلے میں ایندھن کی بچت کے لیے نافذ کی گئی بعض پابندیوں کو بھی ختم کر دیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق جمعہ کے روز دی جانے والی اضافی سرکاری چھٹی ختم کر دی گئی ہے، جبکہ سرکاری افسران کے لیے پیٹرول کی محدود فراہمی اور سرکاری گاڑیوں کے استعمال پر عائد بعض پابندیاں بھی واپس لے لی گئی ہیں۔
تاہم توانائی کے مؤثر استعمال کے لیے دکانوں اور تجارتی مراکز کو رات 9 بجے بند کرنے کی ہدایت برقرار رکھی گئی ہے، جبکہ شادی ہالز اور تقریباتی مقامات رات 10 بجے تک بند کرنے کے پابند ہوں گے۔
ادھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد گڈز ٹرانسپورٹ شعبے نے بھی کرایوں میں کمی کا اعلان کیا ہے۔ ٹرانسپورٹرز کے مطابق سامان کی ترسیل کے نرخوں میں فوری طور پر 10 فیصد کمی کی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ مہینوں کے دوران بین الاقوامی کشیدگی اور تیل کی عالمی منڈی میں اتار چڑھاؤ کے باعث ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔ بعد ازاں عالمی حالات میں بہتری کے ساتھ قیمتوں میں مرحلہ وار کمی کا سلسلہ شروع ہوا، جو حالیہ بڑے ریلیف کی صورت میں سامنے آیا ہے۔

Leave a reply