
اسلام آباد، 2 ستمبر 2026: سابق اداکارہ اور ٹی وی میزبان مشی خان نے اداکارہ فریال گوہر کے ماضی میں مبینہ گھریلو تشدد سے متعلق حالیہ گفتگو پر اپنے ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں مشی خان نے فریال گوہر کے حالیہ وائرل کلپس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں وہ فریال گوہر کو اپنے سابق شوہر جمال شاہ کے ساتھ ایک پروگرام میں دیکھ چکی ہیں، جہاں دونوں کے درمیان بظاہر خوشگوار اور دوستانہ ماحول دکھائی دیا تھا۔
مشی خان کے مطابق اس پروگرام میں فریال گوہر نے اپنے سابق شوہر کے خاندان، بالخصوص سابق ساس کے ساتھ اچھے تعلقات کا بھی ذکر کیا تھا اور بتایا تھا کہ وہ اب بھی ان سے ملاقات کرتی ہیں۔
مشی نے کہا کہ اب ایک حالیہ پروگرام میں فریال گوہر نے کئی دہائیاں قبل پیش آنے والے مبینہ تشدد کے واقعات پر بات کی، جس پر ان کے ذہن میں یہ سوال پیدا ہوا کہ اگر ماضی میں اتنا سنگین تشدد ہوا تھا تو سابق شوہر کے ساتھ دوبارہ کسی پروگرام میں شرکت کیسے ممکن ہوئی۔
انہوں نے فریال گوہر کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر کسی شخص کی جانب سے جسمانی تشدد کا سامنا کرنا پڑا ہو تو اس کے ساتھ دوبارہ بیٹھنا ان کے لیے قابلِ فہم نہیں، خصوصاً ایسے الزامات کے بعد جن میں بیلٹ سے مارنے اور جسم کے مختلف حصوں پر تشدد کا ذکر کیا گیا ہے۔
مشی خان نے مزید کہا کہ ان کے خیال میں ایسے معاملات انتہائی حساس ہوتے ہیں اور متاثرہ شخص کے لیے ماضی کے تجربات پر بات کرنا ایک ذاتی معاملہ ہے، تاہم ان کے مطابق سابق شوہر کے ساتھ پہلے خوشگوار انداز میں نظر آنے اور بعد میں ماضی کے واقعات بیان کرنے کے باعث لوگوں کے ذہنوں میں سوالات پیدا ہونا فطری ہے۔
واضح رہے کہ فریال گوہر نے حالیہ گفتگو کے دوران اپنی سابقہ ازدواجی زندگی اور مبینہ گھریلو تشدد کے حوالے سے تفصیلات بیان کی تھیں، جس کے بعد ان کے بیانات سوشل میڈیا پر زیرِ بحث ہیں۔









