فریال گوہر کا گھریلو تشدد سے متعلق دل دہلا دینے والا انکشاف

0
20
فریال گوہر کا گھریلو تشدد سے متعلق دل دہلا دینے والا انکشاف

پاکستانی اداکارہ فریال گوہر نے اپنی پہلی شادی کے دوران پیش آنے والے تلخ واقعات پر گفتگو کرتے ہوئے گھریلو تشدد کے خلاف آواز بلند کردی۔

ایک حالیہ مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ ان کی پہلی شادی معروف اداکار جمال شاہ سے ہوئی تھی۔ اس وقت ان کی عمر 23 برس تھی اور یہ شادی ان کی اپنی پسند سے ہوئی تھی۔ تاہم وقت گزرنے کے ساتھ یہ رشتہ ان کے لیے شدید ذہنی اور جسمانی اذیت کا باعث بن گیا۔

فریال گوہر کے مطابق انہیں ازدواجی زندگی کے دوران مبینہ طور پر شدید جسمانی تشدد کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ تشدد کے نتیجے میں انہیں جسمانی چوٹوں کے ساتھ ساتھ صحت کے سنگین مسائل بھی پیش آئے اور متعدد مرتبہ حمل ضائع ہونے کا صدمہ برداشت کرنا پڑا۔

اداکارہ نے بتایا کہ جسم پر آنے والے زخم اور نیل اس قدر نمایاں ہوتے تھے کہ انہیں اپنی معمول کی سرگرمیاں اور کلاسز تک ترک کرنا پڑتی تھیں۔ وہ لوگوں سے اپنی چوٹیں چھپانے کی کوشش کرتی تھیں۔

انہوں نے اپنی گفتگو میں یہ بھی بتایا کہ شادی کے دوران ان کی نقل و حرکت پر سخت پابندیاں عائد تھیں۔ انہیں تنہا باہر جانے کی اجازت نہیں تھی جبکہ سفر کے دوران بھی پردے کا خاص اہتمام کیا جاتا تھا۔

فریال گوہر کا کہنا تھا کہ گھریلو تشدد کا مسئلہ کسی ایک طبقے یا تعلیم کی سطح تک محدود نہیں۔ ان کے مطابق بظاہر خودمختار اور تعلیم یافتہ خواتین بھی ایسے حالات کا شکار ہوسکتی ہیں۔

اداکارہ نے خواتین کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی عورت کو تذلیل، خوف اور بدسلوکی کو اپنی قسمت سمجھ کر قبول نہیں کرنا چاہیے۔ اگر ازدواجی زندگی میں مسلسل تشدد یا توہین کا سامنا ہو تو ایسے حالات سے نکلنے کے لیے مناسب قدم اٹھانا ضروری ہے۔

انہوں نے اس مسئلے کے مستقل حل کے لیے مردوں اور خصوصاً لڑکوں کی تربیت پر بھی زور دیا تاکہ انہیں بچپن ہی سے خواتین کے احترام، برابری اور عزتِ نفس کی اہمیت سکھائی جاسکے۔

Leave a reply