شمالی وزیرستان کے طالبعلم نے کم عمری میں اے سی سی اے مکمل کرلیا

0
9
شمالی وزیرستان کے طالبعلم نے کم عمری میں اے سی سی اے مکمل کرلیا

قبائلی ضلع شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے طالبعلم عبدالرحمان خان داوڑ نے کم عمری میں اے سی سی اے مکمل کرکے نمایاں کامیابی حاصل کرلی۔ عبدالرحمان کی عمر اس وقت 16 سال اور 11 ماہ بتائی جاتی ہے۔
عبدالرحمان کا تعلق تحصیل میرانشاہ سے ہے، جہاں تعلیمی سہولیات محدود ہیں۔ اس کے باوجود انہوں نے محنت، مستقل مزاجی اور لگن کے ذریعے یہ سنگِ میل عبور کیا۔ انہوں نے نہ صرف اے سی سی اے مکمل کیا بلکہ اسی عمر میں آکسفورڈ بروکس یونیورسٹی لندن سے بیچلرز کی ڈگری بھی حاصل کی۔
عبدالرحمان داوڑ کے مطابق ان کی کامیابی میں خاندان کی بھرپور حوصلہ افزائی شامل رہی، جبکہ ان کے بہن بھائی بھی تعلیم کے میدان میں آگے بڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد صرف ذاتی کامیابی حاصل کرنا نہیں بلکہ قبائلی اور دور دراز علاقوں کے نوجوانوں کو یہ پیغام دینا ہے کہ محدود وسائل کے باوجود محنت اور عزم سے بڑے اہداف حاصل کیے جاسکتے ہیں۔
عبدالرحمان کا کہنا تھا کہ وزیرستان کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں، تاہم انہیں بہتر مواقع اور رہنمائی کی ضرورت ہے تاکہ وہ مختلف پیشہ ورانہ شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرسکیں۔

Leave a reply