پنجاب حکومت کا اپنی چھت، اپنا گھر اسکیم کے لیے نئی درخواستیں وصول کرنے کا فیصلہ

0
11
پنجاب حکومت کا اپنی چھت، اپنا گھر اسکیم کے لیے نئی درخواستیں وصول کرنے کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنی چھت، اپنا گھر اسکیم کے تحت نئے درخواست گزاروں سے درخواستیں وصول کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

اس حوالے سے لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت منصوبے سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسکیم کی پیش رفت اور آئندہ کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے آن لائن پورٹل پر اب تک 17 لاکھ سے زائد افراد رجسٹریشن کرا چکے ہیں، جبکہ منصوبے کے تحت ایک لاکھ 28 ہزار 718 مکانات کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے۔

حکام کے مطابق اسکیم کے ایک لاکھ 71 ہزار 597 مستفید افراد کو قرض کی دوسری قسط بھی جاری کی جا چکی ہے۔ اس کے علاوہ 62 ہزار 600 گھروں کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پروگرام کے تحت قرضوں کی مد میں 22 ارب 29 کروڑ روپے کی اقساط وصول ہو چکی ہیں، جبکہ درخواست گزاروں کو مجموعی طور پر ایک ارب 21 کروڑ 60 لاکھ روپے کے قرضے فراہم کیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے منصوبے کے لیے نئی درخواستیں طلب کرنے کی منظوری دیتے ہوئے اسکیم پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔

Leave a reply