ایم سیکیور صارفین کے لیے خطرے کی گھنٹی، پاس ورڈز فوری تبدیل کرنے کا مشورہ

0
16
ایم سیکیور صارفین کے لیے خطرے کی گھنٹی، پاس ورڈز فوری تبدیل کرنے کا مشورہ

پاس ورڈ مینیجر ایپلی کیشن ایم سیکیور (mSecure) نے اپنے صارفین کو ممکنہ سیکیورٹی خطرے کے پیش نظر فوری حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

امریکی سافٹ ویئر کمپنی ایم سیون سافٹ ویئر نے 3 نومبر کو صارفین کو ارسال کردہ ای میل میں بتایا کہ اسے اپنی ایپلی کیشن سے متعلق بعض مشکوک سرگرمیوں کا پتا چلا ہے، جس کے بعد معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جا چکے ہیں، جبکہ مزید تحقیقات اور سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے بیرونی سائبر سیکیورٹی ماہرین کی مدد بھی حاصل کی گئی ہے۔

تاحال یہ تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں کہ مشکوک سرگرمی کا آغاز کب ہوا، اس کے پیچھے کون ملوث تھا اور آیا کسی غیر متعلقہ شخص نے صارفین کے اکاؤنٹس یا محفوظ شدہ پاس ورڈز تک رسائی حاصل کی یا نہیں۔

ایم سیکیور نے صارفین کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے اکاؤنٹس کے تحفظ کے لیے تمام اہم پاس ورڈز تبدیل کریں، ٹو فیکٹر آتھنٹیکیشن (2FA) کی سیٹنگز دوبارہ ترتیب دیں اور ضرورت کے مطابق پہلے سے فعال پاس کیز (Passkeys) بھی ختم کر دیں۔

سائبر سیکیورٹی ماہرین کے مطابق پاس ورڈ مینیجرز میں ذاتی اور حساس معلومات محفوظ ہونے کے باعث ایسے کسی بھی سیکیورٹی الرٹ کو سنجیدگی سے لینا ضروری ہے۔ صارفین کو چاہیے کہ وہ اپنے اکاؤنٹس کی سیکیورٹی کا جائزہ لیں اور کمپنی کی جانب سے جاری کردہ تازہ ہدایات پر عمل کریں۔

Leave a reply