سوئی گیس کے نئے گھریلو کنکشنز پر پابندی غیر معینہ مدت تک برقرار رکھنے کا فیصلہ

لاہور: سوئی گیس کمپنی نے نئے گھریلو گیس کنکشنز کے اجرا پر عائد پابندی غیر معینہ مدت تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے باعث نئے کنکشن کے منتظر ہزاروں صارفین کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق رواں ماہ سے کمرشل تندوروں، ہوٹلوں اور دیگر شعبوں کے لیے بھی نئے گیس کنکشنز کا اجرا روک دیا گیا ہے۔ متعدد صارفین فوری کنکشن کے لیے مقررہ فیس جمع کروانے کے باوجود تاحال گیس کنکشن حاصل نہیں کرسکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں آر ایل این جی کی سپلائی متاثر ہونے کے باعث گیس کے موجودہ نظام پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔ سرد موسم کی آمد کے ساتھ گیس کی کھپت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں گھریلو صارفین کو بھی گیس کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے۔
سوئی گیس حکام کے مطابق نئے کنکشنز پر پابندی وزارتِ پیٹرولیم کی ہدایات پر عائد کی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگی صورتحال ختم ہونے کے بعد ہی نئے گیس کنکشنز کی بحالی کا امکان پیدا ہوسکتا ہے۔
پابندی میں توسیع کے باعث نئے گھریلو اور کمرشل کنکشنز کے منتظر صارفین کو مزید انتظار کرنا پڑے گا۔









