
کراچی: سندھ حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے پنشن کے حصول کا عمل آسان بنانے کی جانب اہم قدم اٹھاتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ یکم جنوری 2027 سے ریٹائر ہونے والے ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے روز ہی پنشن اور دیگر بنیادی مالی واجبات ادا کیے جائیں گے۔
اس حوالے سے چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت پنشن اور میڈیکل ری ایمبرسمنٹ سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ، محکمہ خزانہ، محکمہ سروسز، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران شریک ہوئے۔
اجلاس میں تمام صوبائی محکموں کو ہدایت کی گئی کہ آئندہ ریٹائر ہونے والے ملازمین کی پنشن اور مالی واجبات کی ادائیگی میں تاخیر نہ ہو۔ چیف سیکریٹری نے زیر التوا پنشن کیسز اور بلز کو بھی آئندہ تین ماہ کے اندر نمٹانے کی ہدایت کی۔
آصف حیدر شاہ کا کہنا تھا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد ملازمین کو پنشن کے حصول کے لیے مختلف سرکاری دفاتر کے چکر نہیں لگانے چاہئیں۔ اس مقصد کے لیے ایسا مربوط نظام بنایا جائے جس کے ذریعے ریٹائرمنٹ کے ساتھ ہی پنشن کی ادائیگی کا عمل مکمل ہوسکے۔
اجلاس میں پنشن نظام کو مؤثر بنانے کے لیے سیکریٹری سروسز کی سربراہی میں ایک بین المحکماتی ٹاسک فورس تشکیل دینے کی ہدایت بھی دی گئی۔ ٹاسک فورس میں اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ، محکمہ خزانہ، محکمہ صحت، جنرل ایڈمنسٹریشن اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندے شامل ہوں گے۔
چیف سیکریٹری نے پنشن کی بروقت ادائیگی میں رکاوٹ بننے والے قواعد کا جائزہ لینے اور ضرورت پڑنے پر ترامیم کی تجاویز پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔ متعلقہ حکام کو پنشن ادائیگی کا عملی فریم ورک ایک ہفتے میں پیش کرنے کا کہا گیا ہے۔
میڈیکل کلیمز کا نظام آسان بنانے کی ہدایت
اجلاس میں سرکاری ملازمین کے میڈیکل ری ایمبرسمنٹ کلیمز کی ادائیگی میں تاخیر کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ حکام نے بتایا کہ نامکمل دستاویزات، ای ویری فکیشن اور این اے سی کے اجرا میں تاخیر سمیت مختلف انتظامی امور کے باعث کلیمز زیر التوا رہتے ہیں۔
چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ میڈیکل کلیمز کی تاخیر بنیادی طور پر انتظامی رکاوٹوں کا نتیجہ ہے، اس لیے غیر ضروری کاغذی کارروائی کم کی جائے۔
انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ میڈیکل ری ایمبرسمنٹ کے طریقہ کار کا مشترکہ جائزہ لے کر اسے مزید سادہ اور تیز بنایا جائے تاکہ سرکاری ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو اپنے جائز طبی اخراجات کی واپسی کے لیے غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔









