بیرونِ ملک سفر کرنے والوں کے لیے نادرا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ لازمی

0
12
بیرونِ ملک سفر کرنے والوں کے لیے نادرا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ لازمی

اسلام آباد: پاکستان سے بیرونِ ملک سفر کرنے والے مسافروں کے لیے نئی سفری شرط نافذ کی جا رہی ہے، جس کے تحت 14 ستمبر 2026 سے نادرا کا جاری کردہ ویکسینیشن سرٹیفکیٹ پیش کرنا لازمی ہوگا۔

ایئرپورٹ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے اعلامیے کے مطابق نادرا کے تصدیق شدہ ویکسینیشن ریکارڈ کے بغیر مسافروں کو بین الاقوامی پروازوں پر سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

نئی ہدایات کے تحت پولیو، میننجائٹس، یلو فیور اور انفلوئنزا سمیت مخصوص ویکسینیشن ریکارڈ کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ویکسینیشن وفاقی حکومت کی سول ڈسپنسری سے کروائیں اور سفر سے قبل نادرا کا ڈیجیٹل ویکسینیشن کارڈ حاصل کریں۔

حکام نے عمرہ زائرین کو بھی تاکید کی ہے کہ وہ روانگی سے پہلے اپنا نادرا ویکسینیشن کارڈ ضرور مکمل کروائیں۔ ایئرلائنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ مسافروں کو بورڈنگ کی اجازت دینے سے قبل ان کے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کی جانچ کریں۔

اعلامیے کے مطابق آئندہ چند روز میں ایئرپورٹس پر ویکسینیشن اور نادرا سرٹیفکیٹ کے اجرا کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ تاہم ایئرپورٹ سے ویکسین لگوانے والے مسافروں کو اپنی پرواز کے مقررہ وقت سے کم از کم چھ گھنٹے پہلے پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے بھی بیرونِ ملک سفر کرنے والے مسافروں کے لیے نادرا انٹیگریٹڈ ویکسینیشن پروف حاصل کرنا ضروری قرار دے دیا ہے۔

Leave a reply