دہی کھانے کا انداز بدلیں؟ تحقیق میں سامنے آیا ایک دلچسپ راز

0
2
دہی کھانے کا انداز بدلیں؟ تحقیق میں سامنے آیا ایک دلچسپ راز

اگر آپ دہی کھانا پسند کرتے ہیں تو اسے چینی کے بجائے تھوڑی مقدار میں شہد کے ساتھ استعمال کرنا نظامِ ہاضمہ میں موجود مفید بیکٹیریا کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔
امریکا میں ہونے والی دو تحقیقی رپورٹس میں دہی اور شہد کے امتزاج کے ممکنہ فوائد کا جائزہ لیا گیا۔ تحقیق کے مطابق شہد کے استعمال سے آنتوں میں موجود بعض مفید بیکٹیریا کی افزائش اور بقا میں بہتری دیکھی گئی۔
پہلی تحقیق جانوروں پر کی گئی، جس میں شہد کی مختلف اقسام کو دہی کے ساتھ استعمال کرایا گیا۔ محققین نے جسم کے مختلف نمونوں کا جائزہ لینے کے بعد مفید بیکٹیریا کی افزائش میں اضافہ نوٹ کیا۔
بعد ازاں انسانوں پر کلینیکل ٹرائل کیا گیا، جس میں 66 صحت مند افراد شامل تھے۔ انہیں ہفتے میں دو مرتبہ دہی کھانے کی ہدایت کی گئی، تاہم ایک مرتبہ دہی میں شہد شامل کیا گیا۔ نتائج میں بھی مفید بیکٹیریا کی افزائش اور ان کی بقا میں بہتری سامنے آئی۔
تاہم محققین نے واضح کیا کہ اس تبدیلی کے باوجود آنتوں کے افعال، مزاج یا دماغی سرگرمیوں میں نمایاں فرق نہیں دیکھا گیا۔
ایک مزید تجربے میں دہی کے ساتھ شہد کے بجائے چینی استعمال کی گئی۔ نتائج کے موازنے سے محققین نے نتیجہ اخذ کیا کہ دہی میں شہد شامل کرنا آنتوں کے مفید بیکٹیریا کے لیے نسبتاً بہتر انتخاب ہو سکتا ہے۔
محققین کے مطابق دہی میں تقریباً ایک کھانے کا چمچ شہد شامل کیا جا سکتا ہے۔ تاہم شہد بھی شکر ہی کی ایک قسم ہے، اس لیے اسے اعتدال میں استعمال کرنا بہتر ہے۔
ان تحقیقی رپورٹس کے نتائج دی جرنل آف نیوٹریشن میں شائع ہوئے۔

Leave a reply