
راولپنڈی: پاکستان اور کویت نے دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کرتے ہوئے پروٹوکول ایگریمنٹ 2026 پر دستخط کر دیے۔
کویتی وزیر دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ السلیم الصباح کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کے وفد نے وزارت دفاع راولپنڈی میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، دفاعی تعاون اور علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر دونوں ممالک نے موجودہ دفاعی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ نئے پروٹوکول کے تحت پاکستان کویتی مسلح افواج کے اہلکاروں کی تربیت، پیشہ ورانہ استعداد میں اضافے اور مختلف دفاعی شعبوں میں معاونت فراہم کرے گا۔
دفاعی تعاون کے دائرہ کار میں سرحدی انتظام سمیت باہمی اتفاق سے طے کیے جانے والے دیگر شعبوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق پروٹوکول ایگریمنٹ 2026، دونوں ممالک کے درمیان 2023 میں طے پانے والے دفاعی تعاون کے فریم ورک کو آگے بڑھانے کی کڑی ہے۔
دونوں جانب سے اس بات پر زور دیا گیا کہ پاکستان اور کویت کے دفاعی تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر قائم ہیں۔ دونوں ممالک نے علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے لیے دفاعی شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
کویتی وزیر دفاع کی آرمی چیف سے ملاقات
کویتی وزیر دفاع کی قیادت میں وفد نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا بھی دورہ کیا، جہاں آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور پاکستان و کویت کے درمیان دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کویتی وفد میں چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل خالد درج سعد الشریان بھی شامل تھے۔
دونوں فریقوں نے عسکری اداروں کے درمیان روابط مزید مستحکم کرنے اور دفاعی تعاون کے دائرہ کار کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔
کویتی وفد نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور خدمات کو بھی سراہا۔
حکام کے مطابق حالیہ ملاقاتیں پاکستان اور کویت کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان پائیدار دفاعی شراکت داری کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گی۔









