ججز کیلئے مراعات کی بارش، تنخواہوں سے پنشن تک اہم تبدیلیاں

0
13
ججز کیلئے مراعات کی بارش، تنخواہوں سے پنشن تک اہم تبدیلیاں

اعلیٰ عدلیہ کے ججز کی تنخواہوں اور مراعات میں نمایاں اضافہ کردیا گیا ہے، جس کے تحت سپریم کورٹ کے ججز کی تنخواہیں وفاقی آئینی عدالت کے ججز کے مساوی کردی گئی ہیں۔ نئی تنخواہوں اور الاؤنسز کا اطلاق 10 دسمبر 2025 سے ہوگا۔
نئے پیکیج کے مطابق چیف جسٹس پاکستان کی ماہانہ بنیادی تنخواہ 15 لاکھ 50 ہزار روپے جبکہ سپریم کورٹ کے دیگر ججز کی بنیادی تنخواہ 15 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔ اس فیصلے کے نتیجے میں سپریم کورٹ ججز کی بنیادی تنخواہ میں ماہانہ 4 لاکھ روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
ججز کے جوڈیشل الاؤنس میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ یہ الاؤنس 11 لاکھ 61 ہزار 163 روپے سے بڑھا کر 15 لاکھ روپے ماہانہ کردیا گیا ہے۔
سپریم کورٹ کے ججز کے پنشن پیکیج میں بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ پنشن سے متعلق بعض عمر کی حدود میں اضافہ کرتے ہوئے 70 سال کو 75 سال اور 85 سال کو 90 سال کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ججز کے لیے ماہانہ ڈیڑھ لاکھ روپے میڈیکل الاؤنس مقرر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ہائی کورٹ کے ججز کی بنیادی تنخواہوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے، جس کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی ماہانہ بنیادی تنخواہ 12 لاکھ 54 ہزار روپے جبکہ دیگر ججز کی بنیادی تنخواہ 12 لاکھ 5 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔
ہائی کورٹ کے ججز کی بنیادی تنخواہ پہلے 10 لاکھ 95 ہزار روپے تھی، جس میں ایک لاکھ 10 ہزار روپے ماہانہ اضافہ کیا گیا ہے۔
نئے قواعد کے تحت دو سال سے زائد عرصے تک چیف جسٹس کے عہدے پر رہنے والے ججز کو ریٹائرمنٹ یا اعلیٰ عدالت میں ترقی کی صورت میں سرکاری گاڑی رعایتی قیمت پر خریدنے کی سہولت بھی حاصل ہوگی۔ اس کے علاوہ ریٹائرڈ ججز کو وفاقی حکومت کے ثالثی معاملات میں خدمات انجام دینے پر فیس وصول کرنے کی اجازت بھی دی گئی ہے۔

Leave a reply