بچوں کی ذہنی صحت سے متعلق کیس: میٹا پر 57 کروڑ ڈالر سے زائد جرمانہ

0
1
بچوں کی ذہنی صحت سے متعلق کیس: میٹا پر 57 کروڑ ڈالر سے زائد جرمانہ

امریکی ریاست نیو میکسیکو کی ایک عدالت نے سوشل میڈیا کمپنی میٹا پر بچوں کی ذہنی صحت کو نقصان پہنچانے سے متعلق مقدمے میں مزید 56 کروڑ 70 لاکھ ڈالر جرمانہ عائد کر دیا ہے۔ اس نئے فیصلے کے بعد کمپنی پر مجموعی جرمانے کی مالیت 94 کروڑ 20 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔

عدالتی فیصلے کے مطابق جرمانے کی رقم کا بڑا حصہ نوجوانوں کے لیے طبی اور ذہنی صحت کی سہولیات کی فراہمی پر خرچ کیا جائے گا، جبکہ باقی رقم آئندہ پانچ برسوں کے دوران آگاہی مہم، اسکریننگ پروگرامز اور دیگر متعلقہ اقدامات کے لیے استعمال ہوگی۔

اس سے قبل مارچ 2026 میں جیوری نے قرار دیا تھا کہ میٹا بچوں کی ذہنی صحت پر منفی اثرات سے متعلق خدشات سے آگاہ ہونے کے باوجود مؤثر اقدامات کرنے میں ناکام رہی، جس پر کمپنی پر 37 کروڑ 50 لاکھ ڈالر جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔

عدالت نے اپنے تازہ فیصلے میں میٹا کو ہدایت کی ہے کہ فیس بک اور انسٹاگرام پر حفاظتی فیچرز اور ٹولز سے متعلق واضح معلومات فراہم کرنے کے لیے بینرز اور معلوماتی اسکرینز متعارف کرائی جائیں۔ اس کے علاوہ نیو میکسیکو میں بچوں اور والدین کے لیے ایک تعلیمی آگاہی مہم بھی شروع کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

دوسری جانب میٹا نے عدالتی فیصلے سے اختلاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمپنی اس کے خلاف اپیل دائر کرے گی۔ کمپنی کے مطابق صارفین، خصوصاً کم عمر افراد کے تحفظ کے لیے نقصان دہ مواد اور برے عناصر کے خلاف مسلسل اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

Leave a reply