
بنوں کے علاقے مزانگہ میں رات گئے پولیس چوکی پر دہشتگردوں نے بھاری ہتھیاروں کے ساتھ حملہ کیا، تاہم سیکیورٹی فورسز کی فوری اور مؤثر کارروائی کے باعث حملہ ناکام بنا دیا گیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بنوں یاسر آفریدی کے مطابق حملہ آوروں نے اچانک چوکی کو نشانہ بنایا، مگر وہاں موجود اہلکاروں نے بروقت ردعمل دیتے ہوئے بھرپور جوابی فائرنگ کی اور صورتحال پر قابو پا لیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں متعدد دہشتگرد موقع پر ہلاک جبکہ کئی زخمی ہوئے۔ ایک حملہ آور کی لاش جائے وقوعہ سے برآمد کر لی گئی ہے، تاہم باقی ہلاک اور زخمی دہشتگرد اپنے ساتھیوں کی مدد سے موقع سے لے جانے میں کامیاب ہوگئے۔
جھڑپ کے دوران ایک پولیس اہلکار فرید اللہ معمولی زخمی ہوا، جسے فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔
ڈی پی او کے مطابق دہشتگرد جدید اور بھاری اسلحہ استعمال کر رہے تھے، لیکن پولیس اہلکاروں نے پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوکی کا دفاع کامیابی سے کیا۔
واقعے کے بعد علاقے میں سرچ اینڈ کلئیرنس آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، جس کے دوران مختلف مقامات سے خون کے نشانات بھی ملے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے اور فرار ہونے والے حملہ آوروں کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے۔









