
حکومت نے چھوٹے سولر صارفین کے لیے ایک اہم ریلیف کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت 25 کلو واٹ یا اس سے کم صلاحیت کے نیٹ میٹرنگ سسٹمز کے لیے نیپرا سے لائسنس لینے کی شرط ختم کر دی گئی ہے۔
پاور ڈویژن کے مطابق یہ فیصلہ وزیر توانائی اویس لغاری کی ہدایت پر کیا گیا، جس کے بعد پاور ڈویژن نے نیپرا کو خط لکھ کر چھوٹے سولر صارفین کے لیے لائسنس کی لازمی شرط ختم کرنے کی سفارش کی تھی۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے اس درخواست کو منظور کرتے ہوئے 25 کلو واٹ تک کے نیٹ میٹرنگ صارفین کے لیے لائسنس کی شرط ختم کرنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
اس فیصلے کے بعد گھریلو اور چھوٹے کاروباری سولر صارفین کے لیے نیٹ میٹرنگ سسٹم اپنانا نسبتاً آسان ہو جائے گا، جبکہ انہیں اضافی ریگولیٹری مراحل سے بھی چھٹکارا ملے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد ملک میں قابلِ تجدید توانائی کے استعمال کو بڑھانا اور چھوٹے صارفین کے لیے سولر انرجی کو زیادہ قابلِ رسائی بنانا ہے۔
اس سے پہلے تمام سولر صارفین کے لیے نیپرا لائسنس لازمی قرار دیا گیا تھا، جس پر مختلف حلقوں کی جانب سے خدشات اور اعتراضات سامنے آئے تھے۔









