اے آئی کو ہتھیاروں کی نئی دوڑ کا حصہ بننے سے روکنا ہوگا: اسحاق ڈار

0
21
اے آئی کو ہتھیاروں کی نئی دوڑ کا حصہ بننے سے روکنا ہوگا: اسحاق ڈار

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کو ہتھیاروں کی دوڑ کا نیا میدان بننے سے روکنے کے لیے عالمی سطح پر مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں مصنوعی ذہانت اور عالمی سلامتی کے موضوع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ اے آئی کی تیاری، ترقی اور استعمال کے تمام مراحل میں انسانی فیصلہ سازی اور نگرانی برقرار رہنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ فوجی معاملات میں مصنوعی ذہانت کے استعمال سے غلط اندازوں اور کم وقت میں کیے جانے والے فیصلوں کے خطرات بڑھ سکتے ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے احتیاط، شفافیت اور باہمی اعتماد سازی ضروری ہے۔

نائب وزیراعظم کے مطابق اے آئی کی تیز رفتار ترقی کو برقرار رکھنے کے نام پر ٹیکنالوجی تک رسائی محدود نہیں ہونی چاہیے۔ مصنوعی ذہانت کی عالمی حکمرانی کے لیے اقوام متحدہ کے زیرِ اہتمام جامع، شفاف اور نمائندہ فورمز کا قیام ضروری ہے۔

اسحاق ڈار نے جنیوا میں اقوام متحدہ کے پہلے گلوبل ڈائیلاگ آن اے آئی گورننس کے انعقاد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مصنوعی ذہانت کے شعبے میں عالمی تعاون اور ڈیجیٹل تقسیم کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مصنوعی ذہانت تک منصفانہ اور مساوی رسائی عالمی امن، ترقی اور پائیدار پیش رفت کے لیے اہم ہے۔ پاکستان عالمی مصنوعی ذہانت تعاون تنظیم (WAICO) کے بانی ارکان میں شامل ہے۔

Leave a reply