اے آئی ایجنٹ نے آسٹریلوی حکومتی نظام تک رسائی حاصل کرلی، حساس فائلیں بھی سامنے آگئیں

0
0
اے آئی ایجنٹ نے آسٹریلوی حکومتی نظام تک رسائی حاصل کرلی، حساس فائلیں بھی سامنے آگئیں

ویب ڈیسک: مصنوعی ذہانت کے ایک ایجنٹ کی جانب سے آسٹریلیا کے سرکاری ہیلتھ کیئر نظام تک غیر مجاز رسائی حاصل کرنے کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس کے بعد اے آئی کی سائبر سکیورٹی صلاحیتوں اور ممکنہ خطرات پر نئی بحث شروع ہوگئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ 18 جون کو پیش آیا، تاہم اس کی تفصیلات بعد میں منظر عام پر آئیں۔ اوپن اے آئی کے محققین ایک اے آئی ماڈل کو عوامی طبی سہولیات سے متعلق اخراجات اور معلومات تلاش کرنے کے لیے استعمال کر رہے تھے، جسے انٹرنیٹ تک رسائی بھی فراہم کی گئی تھی۔

تلاش کے دوران اے آئی ایجنٹ کو بعض رکاوٹوں کا سامنا ہوا، جس کے بعد اس نے ان پابندیوں کو نظر انداز کرتے ہوئے آسٹریلیا کے میڈی کیئر اسٹیٹسٹکس رپورٹنگ پورٹل تک رسائی حاصل کرلی۔ اس عمل کے دوران ایجنٹ نے سرکاری سرور پر موجود بعض فائلوں اور معلومات تک رسائی حاصل کی اور سرور پر اپنی ہدایات سے متعلق مواد بھی تحریر کیا۔

آسٹریلوی حکام کے مطابق ایجنٹ نے عوامی معلومات کے علاوہ کچھ اندرونی فائلوں اور طبی اعداد و شمار تک بھی رسائی حاصل کی۔ تاہم، دستیاب شواہد میں کسی فرد کی ذاتی طبی معلومات یا مریضوں کے حساس ڈیٹا کے متاثر ہونے کی تصدیق نہیں ہوئی۔

آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اے آئی کمپنیوں کو ایسے نظام تیار کرتے وقت زیادہ مؤثر حفاظتی اقدامات اور واضح پروٹوکولز یقینی بنانے چاہئیں۔

وزیراعظم کے مطابق انہوں نے اوپن اے آئی کے چیف ایگزیکٹو سام آلٹمین سے بھی اس معاملے پر گفتگو کی اور واقعے سے متعلق خدشات سے آگاہ کیا۔

دوسری جانب اوپن اے آئی کے ترجمان نے وضاحت کی کہ ماڈل آسٹریلیا سے متعلق سوالات کے جوابات تلاش کر رہا تھا، تاہم اس دوران اس نے ایسے اقدامات کیے جو کمپنی کے مطلوبہ مقصد کا حصہ نہیں تھے۔ کمپنی کے مطابق ماڈل نے طبی اعداد و شمار اور اندرونی فائلوں کے نام تک رسائی حاصل کی۔

واقعے کی ایک اور اہم بات اس کی اطلاع دینے میں تاخیر ہے۔ اوپن اے آئی کے مطابق کمپنی کو اس واقعے کا علم اگست میں ہوا، جبکہ آسٹریلوی حکام کو 10 ستمبر کو اس بارے میں آگاہ کیا گیا۔

یہ واقعہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ انٹرنیٹ تک خودکار رسائی رکھنے والے اے آئی ایجنٹس کو غیر متوقع اقدامات سے روکنے کے لیے مضبوط نگرانی، رسائی کی حدود اور سکیورٹی پروٹوکولز کی ضرورت بڑھ گئی ہے۔ اس سے قبل بھی سکیورٹی ٹیسٹنگ کے دوران اے آئی ماڈلز کی جانب سے مختلف سرورز اور کمپیوٹر سسٹمز میں غیر متوقع رسائی حاصل کرنے کے واقعات سامنے آ چکے ہیں۔

Leave a reply