اکشے کمار کی بیٹی کو آن لائن ہراساں کرنے والا ملزم گرفتار

0
12
اکشے کمار کی بیٹی کو آن لائن ہراساں کرنے والا ملزم گرفتار

مہاراشٹر کے سائبر حکام نے بالی ووڈ اداکار اکشے کمار کی کمسن بیٹی کو مبینہ طور پر آن لائن ہراساں کرنے والے ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ کارروائی اداکار کی جانب سے دی گئی شکایت کے بعد عمل میں آئی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق سائبر ڈیپارٹمنٹ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس یشسوی یادو نے بتایا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کے بعد ملزم کو حراست میں لیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ اکتوبر 2025 میں پیش آیا، جب بچی ایک آن لائن ویڈیو گیم کھیل رہی تھیں اور اسی دوران ایک نامعلوم فرد نے انہیں نامناسب پیغامات بھیجنے کے ساتھ نازیبا تصاویر کا مطالبہ کیا۔
پولیس کے مطابق متاثرہ بچی نے فوری طور پر اپنے والدین کو صورتحال سے آگاہ کیا، جس کے بعد معاملہ قانون نافذ کرنے والے اداروں تک پہنچایا گیا۔ بروقت اطلاع دینے سے تفتیش میں پیش رفت ممکن ہوئی اور ملزم تک رسائی حاصل کی گئی۔
یشسوی یادو کی سربراہی میں ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا۔ ایک آگاہی سیشن کے دوران انہوں نے کہا کہ ایسے معاملات میں فوری رپورٹنگ نہایت اہم ہوتی ہے، جبکہ بچی کے بروقت ردعمل نے کیس کو آگے بڑھانے میں مدد دی۔
اکشے کمار نے اپنے بیان میں کہا کہ آن لائن گیمز کے دوران اجنبی افراد سے رابطہ خطرناک ہو سکتا ہے اور بعض اوقات یہ سائبر جرائم کی شکل اختیار کر لیتا ہے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ بچوں کو انٹرنیٹ کے ممکنہ خطرات سے آگاہ کریں اور ان کی آن لائن سرگرمیوں پر نظر رکھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بچوں کو ایسا محفوظ ماحول فراہم کرنا ضروری ہے جہاں وہ بلا جھجھک اپنے مسائل والدین کے ساتھ شیئر کر سکیں، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

Leave a reply