
ممبئی: بالی وڈ کے سینئر اداکار امیتابھ بچن نے اداکارہ پریتی زنٹا سے ایک دلچسپ شکوہ کرتے ہوئے شو کے ماحول کو خوشگوار بنا دیا۔
پریتی زنٹا طویل عرصے بعد مقبول ٹی وی کوئز پروگرام ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ میں بطور مہمان شرکت کر رہی ہیں، جہاں ان کی ملاقات شو کے میزبان امیتابھ بچن سے ہوگی۔ پروگرام کی آنے والی قسط کا پرومو سامنے آنے کے بعد مداحوں کی دلچسپی مزید بڑھ گئی ہے۔
پرومو میں امیتابھ بچن، پریتی زنٹا سے مخاطب ہوکر کہتے ہیں کہ انہیں اداکارہ سے ایک شکایت ہے۔ وہ بتاتے ہیں کہ وہ ہر سال 31 جنوری کو پریتی زنٹا کی سالگرہ پر انہیں مبارکباد دیتے ہیں، تاہم آج تک انہیں اس مبارکباد کا جواب موصول نہیں ہوا۔
امیتابھ بچن کی جانب سے اچانک کیے گئے گلے پر پریتی زنٹا حیران نظر آتی ہیں، جس کے بعد دونوں کے درمیان گفتگو ایک دلچسپ اور مزاحیہ لمحے میں بدل جاتی ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں جب امیتابھ بچن نے پریتی زنٹا سے اس معاملے پر شکوہ کیا ہو۔ وہ ماضی میں بھی اداکارہ کو سالگرہ کی مبارکباد کا جواب نہ دینے کا گلہ کر چکے ہیں۔
نئے پرومو نے مداحوں میں یہ تجسس پیدا کردیا ہے کہ پریتی زنٹا اس مرتبہ امیتابھ بچن کے شکوے کا کیا جواب دیتی ہیں۔ اگرچہ سوشل میڈیا پر کچھ لوگوں نے دونوں کے درمیان اختلافات کے امکانات پر قیاس آرائیاں کیں، تاہم پرومو میں نظر آنے والی گفتگو سے زیادہ یہی محسوس ہوتا ہے کہ دونوں کے درمیان یہ دوستانہ انداز میں ہونے والی ہنسی مذاق کی بات ہے۔









