امریکا کے بغیر بھی ایران پر حملہ کرسکتے ہیں، اسرائیل کا بڑا دعویٰ

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ امریکا کی فوجی معاونت کے بغیر بھی ایران کے خلاف کارروائی کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور ضرورت پڑنے پر آزادانہ طور پر حملہ کرسکتی ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان افی ڈیفرین کے مطابق اسرائیل ایران کے خلاف بھرپور فوجی کارروائی کے لیے تیار ہے اور اس حوالے سے امریکی تعاون کو لازمی نہیں سمجھتا۔
اسرائیلی سرکاری نشریاتی ادارے کان کی رپورٹ کے مطابق افی ڈیفرین نے کہا کہ ایران بدستور اسرائیل کے لیے خطرہ ہے اور اسرائیل کی سلامتی کو لاحق خدشات ختم نہیں ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق 28 فروری کو جنگ کے آغاز کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی برقرار ہے اور ایک دوسرے کے خلاف دھمکی آمیز بیانات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
اس سے قبل اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے بھی خبردار کیا تھا کہ ایران کی جانب سے کسی ممکنہ حملے کی صورت میں اسرائیل سخت جوابی کارروائی کرے گا۔ انہوں نے تہران کو پتھر کے زمانے میں پہنچانے کی دھمکی بھی دی تھی۔
اسرائیلی فوج کے حالیہ بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ تل ابیب ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کے لیے امریکی فوجی مدد پر انحصار کرنے کا پابند نہیں رہنا چاہتا۔ تاہم اسرائیل کی جانب سے کسی نئے حملے کی تاریخ یا فوجی منصوبے کی تفصیلات سامنے نہیں لائی گئیں۔









