واٹس ایپ میں میسجز شیڈول کرنے کا نیا فیچر متعارف، استعمال کا طریقہ بھی سامنے آگیا

0
7
واٹس ایپ میں میسجز شیڈول کرنے کا نیا فیچر متعارف، استعمال کا طریقہ بھی سامنے آگیا

واٹس ایپ صارفین کے لیے ایک نیا اور کارآمد فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے ذریعے اب پیغامات کو پہلے سے طے شدہ تاریخ اور وقت پر خودکار طور پر بھیجا جا سکے گا۔

اس سہولت کے ذریعے صارفین کو کسی کو پیغام بھیجنے کے لیے مقررہ وقت پر آن لائن رہنے یا خود میسج بھیجنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ وہ پہلے ہی پیغام تیار کرکے اس کی ترسیل کا وقت مقرر کرسکیں گے۔

نئے فیچر کے تحت انفرادی چیٹس کے علاوہ گروپ گفتگو میں بھی پیغامات شیڈول کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ صارفین ٹیکسٹ، لنکس، تصاویر اور ویڈیوز بھی مقررہ وقت پر بھیجنے کے لیے ترتیب دے سکیں گے۔

میسج شیڈول کرنے کا طریقہ

اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے سب سے پہلے متعلقہ واٹس ایپ چیٹ کھولیں اور اپنا پیغام تیار کریں۔

اس کے بعد سینڈ بٹن کو عام طور پر دبانے کے بجائے کچھ دیر تک دبائے رکھیں۔ اگر آپ کے اکاؤنٹ میں یہ سہولت دستیاب ہے تو ایک نیا آپشن سامنے آئے گا، جہاں پیغام بھیجنے کی تاریخ اور وقت منتخب کیا جا سکے گا۔

مطلوبہ وقت مقرر کرنے کے بعد شیڈول کی تصدیق کردیں۔ اس طرح پیغام منتخب کردہ وقت پر خودکار طور پر بھیج دیا جائے گا۔

شیڈول میسجز میں تبدیلی اور حذف کرنے کی سہولت

صارفین اپنے طے شدہ پیغامات کو چیٹ کی معلومات (Chat Info) میں دیکھ سکیں گے۔ وہاں سے ضرورت کے مطابق شیڈول شدہ پیغام حذف کرنے کا آپشن بھی دستیاب ہوگا۔

بتایا گیا ہے کہ اس فیچر کے ذریعے 10 منٹ سے لے کر دو ہفتے تک کے لیے پیغامات شیڈول کیے جاسکیں گے۔

فیچر کب دستیاب ہوگا؟

اس سہولت کو دنیا بھر کے صارفین تک پہنچانے کا عمل مرحلہ وار شروع کیے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس لیے ممکن ہے کہ بعض صارفین کو یہ آپشن فوری طور پر نظر نہ آئے اور انہیں دستیابی کے لیے کچھ وقت انتظار کرنا پڑے۔

نیا فیچر متعارف ہونے کے بعد صارفین سالگرہ کی مبارک باد، اہم یاددہانیوں اور دیگر ضروری پیغامات پہلے سے ترتیب دے سکیں گے۔

Leave a reply